حیدرآباد میں یوتھ کانفرنس

رپورٹ : راہول:-
مورخہ 20 مئی بروز اتوار حیدرآباد پریس کلب میں یوتھ فار انٹرنیشنل سوشلزم، بیروزگار نوجوان تحریک اور آل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس کی جانب سے’’ انقلابی یوتھ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں معروف انقلابی رہنما کامریڈ جام ساقی سمیت پروگریسو یوتھ الائنس کے طلباء رہنماؤں نے ملک بھر سے شرکت کی۔ شرکاء میں زبیر بلوچ BSO وائس چیئرمین، گھرام خان بلوچ ممبر سی ای سی BSO، راشد شیخ مرکزی چیئرمین JKNSF، عمر رشید آرگنائزر انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،انعم پتافی آرگنائزر YFIS ملتان،شہریار ذوق PSF جنوبی پنجاب، بیروزگار نوجوان تحریک کے مرکزی آرگنائزر راشد خالد، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی حیدر آباد سے PSF کے رہنما فروق زمان بھٹو، زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام سے STSF کے مرکزی صدر ڈاکٹر احسان، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر جی ایم میمن،سندھ یونیورسٹی PSF کے ضلعی عہدیدار آصف بالادی،سوئی گیس یونین کے رہنما علی شیر، بیروزگار نوجوان تحریک سندھ کے صوبائی صدر اعجاز بگھیو،طبقاتی جدوجہد سندھی رسالے کے ایڈیٹر حنیف مصرانی اور یوتھ فار انٹرنیشنل سوشلزم حیدرآبادڈویژن کے آرگنائزر کامریڈ راہول سمیت حیدرآباد،میرپور خاص، ٹنڈوجام زرعی یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی کے ضلعی عہدیداران اور مختلف تعلیمی اداروں سے بڑی تعداد میں نوجوان طالبِ علم شامل تھے۔ تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ ونود نے سرانجام دیئے۔
کانفرنس خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ انقلابی تحریکوں میں نوجوانوں اور طلبا کا کلیدی کردار ہوتا ہے ہمیں تاریخ میں اس کی بے شمار مثالیں ملی ہیں اور آج بھی پوری دنیا کے اندر نوجوانوں کی تحریکیں ابھر رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں پاکستان کے نوجوان طالبِ علم بھی اس تحریک کا حصہ بنیں گے ۔ انہوں نے نوجوانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں کروڑوں بیروزگار نوجوان ہیں اور تعلیم اس نظام میں ایک عیاشی بن گئی ہے، سرمایہ دارانہ نظام اور اس ریاست میں رہتے ہوئے یہ ممکن نہیں رہا کہ یہاں نوجوانوں کو روزگار مہیا کیا جاسکے۔ ہمیں اس نظام کے خلاف طبقاتی بنیادوں میں منظم ہوکر سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا ہوگا کیونکہ ایک منصوبہ بند معیشت ہی تمام مسائل کا حل ہوسکتی ہے یہی پیغام پروگریسو یوتھ الائنس کا ہے جو آج کے وقت کی اہم ضرورت ہے ۔آج ہم تمام ترقی پسند تنظیموں کے نمائندوں کو یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم اس نظام کے خلاف لڑ کے یہاں کے نوجوانوں کو ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کروائیں گے جو سوشلسٹ انقلاب کے بغیر ممکن نہیں۔ پروگرام کے آخر میں STSF کی مرکزی قیادت نے پروگریسو یوتھ الائنس میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر پوری کانفرنس نے اُنہیں خوش آمدید کیا۔