ملتان: انتظامیہ کے جبر کے خلاف ینگ نرسز سراپا احتجاج

| رپورٹ: سقراط |

نشتر ہسپتال ملتان کی ینگ نرسز تین روز سے اپنے مطالبات کے لئے سراپااحتجاج ہیں۔ آج 19 مئی کو تیسرے روز نرسز نے کچہری چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مہناز کوثر، رخسانہ ابراہیم، نزہت سلطانہ، نادیہ شبیر نے کہا کہ عرصہ تین سال سے نشتر ہسپتال ملتان کی نرسنگ سپریٹنڈنٹ میڈم کوکب ناہید نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، نرسز کو مزید تعلیم کے لیے NOC جاری نہیں کیا جاتا۔ سٹاف نرسز کو On Deputation تعلیم کے لیے نہیں بھیجا جاتا جو کہ نرسز کا بنیادی حق ہے۔اس کے علاوہ نرسز کو پرائیویٹ تعلیم جاری رکھنے سے بھی روکا جاتا ہے اور مسائل پیدا کئے جاتے ہیں۔ اگر کوئی بیمار ہو جائے تو اسے Medical Leave بھی نہیں دی جاتی اور غیر حاضری لگا کر تنخواہ کاٹ لی جاتی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں بھی چھٹی نہیں دی جاتی ۔ بورڈ آف مینجمنٹ کو ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا اور بورڈ آف مینجمنٹ کی لڑکیوں کو آفس بلوا کر ہراساں کیا جاتا ہے اور انہیں نوکری سے نکال دئیے جانے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ نرسز کی ڈیوٹی شفٹ تبدیل نہیں کی جاتی، اگر کوئی شفٹ تبدیل کرے تو اس کی غیر حاضری لگا کر تنخواہ کاٹ لی جاتی ہے۔حاملہ نرسز کی ڈیوٹی ایمرجنسی وارڈ میں لگا دی جاتی ہے۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گرمیوں میں ہاسٹل والی لڑکیوں کو ان کے کمروں سے اٹھوا کر سٹور میں بند کر دیا جاتا ہے جہاں لڑکیاں گرمی سے تڑپتی رہتی ہیں۔ نرسنگ ہاسٹل کو فارمیسی بنا دیا گیا ہے۔ لڑکیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے والدین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے اگر کسی نے نشتر ہسپتال سے ٹرانسفر کرا کے اپنے آبائی گھر جانا ہو تو انہیں NOC جاری نہیں کیا جاتا۔ ہاسٹل میں صفائی کا نظام ناقص ہے اور واش روم گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔ نرسز کو نرسنگ کیئر سے ہٹا کر فارمیسی کے کاموں میں لگا دیا جاتا ہے۔ نرسز کا مطالبہ تھا کہ سپریٹنڈنٹ کوکب ناہید کو عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے اور نام نہاد انکوائری کمیٹی کو ہم تسلیم نہیں کرتے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاجی مظاہرین ’’ہم نہیں مانتے، ظلم کے ضابطے‘‘، ’’جینا ہے تو لڑنا ہوگا‘‘، ’’انکوائری کمیٹی نا منظور‘‘، ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ اور ’’جانا ہوگا جانا ہوگا، کوکب کو جانا ہوگا‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے رہنما ندیم پاشا نے مظاہرین سے خطاب کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ PTUDC ملتان کے ساتھیوں نے مزدور نامہ اور پندرہ روزہ طبقاتی جدوجہد کے ساتھ مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اور ینگ نرسز کے شانہ بشانہ لڑائی لڑنے کا عہد کیا۔