ینگ ڈاکٹرز کی بھوک ہڑتال کا تیسرا دن؛ ریلوے لیبر یونین کی مرکزی قیادت کا بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ

[رپورٹ: PTUDC لاہور]
آج ریلوے لیبر یونین کی مرکزی قیادت نے محنت کشوں کے وفد کے ہمراہ ینگ ڈاکٹروں کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں اپنی حمایت کا بھرپور یقین دلایا۔ وفد کی قیادت جنرل سیکرٹری سرفراز خان اور چئیرمین عنایت گجر کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سینکڑوں ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر جیل روڈ پر دھرنا بھی دیا اور ینگ ڈاکٹروں کے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔
جب وفد سروسز ہسپتال کے باہر کیمپ پر پہنچا تو ان کا استقبال کیا گیا۔ ریلوے کی قیادت نے کیمپ پر موجود بھوک ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹرز سے خطاب کیا اور انہیں ریلوے کے محنت کشوں کی حمایت کا یقین دلایا۔ اس کے بعد ریلوے کے محنت کشوں کے وفد کو پر جوش نعروں میں سروسز ہسپتال کے آڈیٹوریم میں لے جایا گیا جہاں سینکڑوں ڈاکٹروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے ینگ ڈاکٹروں کے وفد آئے ہوئے تھے جس میں لیڈی ڈاکٹروں کی بھی بھرپور شرکت تھی۔ ریلوے لیبر یونین کے مرکزی چئیرمین عنایت گجر نے اس موقع پر ینگ ڈاکٹروں سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
اس کے بعد ریلی کی شکل میں تمام افراد جیل روڈ پر آگئے اور سڑک بند کر کے دھرنا دیا۔ ریلی کی قیادت ینگ ڈاکٹروں کے قائد حامد بٹ، ریلوے لیبر یونین کے قائد سرفراز خان اورپی ٹی یو ڈی سی کے آدم پال کر رہے تھے۔ جیل روڈ پر دھرنا جلسے کی شکل اختیار کر گیا جس سے مختلف قائدین نے خطاب کیا۔ ریلوے لیبر یونین کے قائد اور مرکزی سیکرٹری جنرل سرفراز خان نے اپنے خطاب میں ینگ ڈاکٹروں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے ملازمین ینگ ڈاکٹروں کی حمایت میں پورے ملک میں مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ینگ ڈاکٹروں کی حمایت کرنے آئے ہیں اور ان نوجوانوں پر اگر ریاستی تشدد کیا گیا تو ریلوے ملازمین ان ڈاکٹروں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ریاستی دہشت گردی کی مذمت کریں گے۔

درجنوں نوجوان ڈاکٹرز کچھ کھائے بغیر مسلسل تیسرے روز بھی بھوک ہڑتال پر بیٹھے رہے

کامریڈ آدم پال نے بھی اس موقع پر ینگ ڈاکٹروں کے مطالبات کی حمایت کی اور کہا کہ مفت علاج ہرشخص کا بنیادی حق ہے اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولتیں مہیا کرے لیکن یہاں تو دوائی کی جگہ زہر بک رہا ہے اور حکمران عیاشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشنوں کی آمد کے باوجود کوئی سیاسی پارٹی مفت علاج کا نعرہ نہیں دے رہی کیونکہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایک ہی معاشی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے عدلیہ، فوج اور تمام ریاستی اداروں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ محنت کش سولہ سے اٹھارہ گھنٹے روزانہ کام کرنے کے باوجود بھی بھوکا اور بیمار ہے جبکہ سپریم کورٹ کے وکیل کروڑوں روپے فیسیں وصول کر رہے ہیں اور جرنیل عیاشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم اپنی جدوجہد سے اس حکمران طبقے کا آرام اور سکون تباہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی یو ڈی سی مفت علاج کی مہم کو تمام مزدوروں اور انقلابی نوجوانوں تک لے کر جائے گی اور عوام کا بنیاد ی حق چھین کر حاصل کر ے گی۔
اس موقع پر لاہور کے مختلف ہسپتالوں کی خواتین ڈاکٹرز نے بھی تقاریر کیں اور کہا کہ ہم مرد ینگ ڈاکٹروں کے شانہ بشانہ جدوجہد کو جاری رکھیں گی اور اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھے پنجاب کے مختلف شہروں کے ینگ ڈاکٹروں کے قائدین نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ خواہ ہماری جان بھی چلی جائے ہم غریب مریضوں کے لیے مفت ادویات کی سہولت حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز سینکڑوں غریب مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہمارا ضمیر کئی دفعہ خون کے آنسو روتا ہے۔ ہم ہر شخص کو اپنے پیسوں سے دوائی نہیں لے کر دے سکتے۔ دوسری جانب پرائیویٹ ہسپتالوں اور دوائی کی کمپنیوں کے مالک مریضوں کے ساتھ ساتھ نوجوان ڈاکٹروں کا بھی استحصال کرتے ہیں۔ آج ہم اس جدوجہد کو لے کر سڑکوں پر آئے ہیں کہ ڈاکٹر اور غریب مریض مل کر اس گھناؤنے مافیا کے خلاف جنگ کرے جس نے انسانوں کو زندگیوں کو منافع کی ہوس کی بھینٹ چڑھایا ہوا ہے۔
ڈاکٹر حامد بٹ نے اس موقع پر مزدور قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے مفت علاج کے نعروں اور جدوجہد کو میڈیا پر کوریج نہیں دی جا رہی لیکن اس کے باوجود ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور اس ظالم ریاست اور عوام دشمن پنجاب حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر آفتاب اشرف نے ادا کیے۔
علاوہ ازیں 6 فروری کی رات کو لاہور بھر سے آئے ہوئے نوجوان ڈاکٹرز نے شمعیں ہاتھ میں لئے سروسز ہسپتال کے باہر ریلی نکالی اور عوام کو مفت علاج کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

متعلقہ:
ینگ ڈاکٹرز کی بھوک ہڑتال کا دوسرا دن؛ پی ٹی یو ڈی سی کی ملک گیر قیادت کا ہڑتالی کیمپ کا دورہ

عوام کو مفت علاج کی فراہمی کے لیے ینگ ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال