حیدرآباد: ’’خواتین کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان سے سیمینار

رپورٹ: سپنا کماری

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کی جانب سے محنت کش خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جس میں حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں سے محنت کش خواتین، طالبات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ سیمینار کی مہمان خاص ’PTUDC‘ کی مرکزی خواتین آرگنائزر عصمت پروین تھیں جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صنم چانڈیو نے ادا کیے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عصمت پروین، لاجونتی، لتا، ندیا کماری، زارا، سپنا، کامریڈ نتھو مل، وومین ایکشن فورم کی ڈاکٹر بختاور جام اور سرتیوں رسالے کی ایڈیٹر گلبدن جاوید نے کہا کہ آج کا دن محنت کش خواتین کی جدوجہد کے حوالے سے منایاجاتا ہے۔ اس دن کی بنیاد دوسری انٹرنیشنل سے وابستہ محنت کش خواتین کی عالمی کانفرنس میں رکھی گئی تھی۔ اس دن کو منانے کا آغاز اس لیے کیاگیا تھا کہ اس کے ذریعے خوتین کو ووٹنگ کا حق حاصل ہو اور ملازمتوں کے دوران جنسی تعصب کے خاتمے اور خواتین کی آزادی و نجات کی جدوجہد کو سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد سے جوڑا جاسکے۔ آج پاکستان سمیت پورے برصغیر میں خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہراسانی، جنسی تفریق، غیرت کے نام پر قتل، مردوں کے مقابلے میں کم اجرت سمیت کئی مسائل سے پورا معاشرہ سلگ رہا ہے۔ ایسی تشویشناک صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے اسے طبقاتی جدوجہد کے ساتھ جوڑا جاسکے تاکہ اس نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب برپا کیا جاسکے۔ دورانِ سیمینار ماہ نور اور کوشل نے انقلابی نظمیں پیش کیں جبکہ آخر میں ایک ٹیبلوبھی پیش کیا گیا جس کے بعد انٹرنیشنل گا کر سیمینار کا اختتام کیا گیا۔