ملتان: محنت کش خواتین کے عالمی دن پر تقریب

رپورٹ: PTUDC ملتان

مورخہ 11 مارچ 2018ء کو ملتان لا کالج میں انقلابی طلبہ محاذ اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ملتان کے زیرِاہتمام محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں محنت کشوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں خواتین کے مسائل پر مبنی ہندی فلم ’’Parched‘‘ شرکا کو دیکھائی گئی جس پر اگلے سیشن میں بحث کی گئی۔ کامریڈ ندیم پاشا نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی آزادی کا مسئلہ سارے محنت کشوں کی اجتماعی آزادی کے ساتھ منسلک ہے اور جب تک اجتماعی آزادی حاصل نہیں کی جاتی تب تک انفرادی آزادی کا حصول ممکن نہیں۔ خواتین آج دوہرے استحصال کا شکار ہیں۔ موجودہ نظام میں عورت ہونا ایک جنس بنا دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا چونکہ خواتین اس نظام کی وجہ سے استحصال کا شکار ہیں اس لیے خواتین کی آزادی سرمایہ دارانہ نظام کو اُکھاڑ پھینکنے سے مشروط ہے۔ کامریڈ خضر نے کہا کہ عالمی معاشی گراوٹ کے اثرات خواتین پر بہت بھیانک پڑے ہیں۔ تیسری دنیا کے ممالک میں محنت کش خواتین کی حالت باقی دنیا کی نسبت بہت زیادہ بری ہے۔ اس موقع پر بینک ورکر رابعہ ملک نے کہا کہ ہمیں صرف معاشی پہلو کو ہی نہیں بلکہ پدرسری سوچ کو بھی مدِنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کو سمجھنا ہوگا۔ اس تقریب میں کامریڈ احمد فراز، امین بلوچ، کامریڈ توصیف، کامریڈ سیفی، امیراں بی بی، رابعہ ملک، رانا اظہار خالد، طیب، ایڈووکیٹ نوشیر اور ذیشان بٹ سمیت چالیس سے زائد محنت کش مردو خواتین نے شرکت کی۔

قبل ازیں 8مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ جنوبی پنجاب کے زیرِاہتمام پریس کلب ملتان کے سامنے ریلی کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کے ساتھیوں نے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھر پور شرکت کی۔