رپورٹ: مریم حارث
راولاکوٹ اور مظفرآباد میں آٹھ مارچ کو محنت کش خواتین کے عالمی دن کے سلسلے میں جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں خواتین کی بڑی تعداد کے علاوہ جے کے این ایس ایف کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
راولاکوٹ میں تقریب ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کی گئی جس سے بشارت علی خان، نوشین کنول، حارث قدیر، بشریٰ عزیز، انعم اختر اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مریم حارث نے سر انجام دیئے۔ جبکہ دوسری نشست جامعہ آزادکشمیر مظفرآباد میں سماج کی انقلابی تبدیلی میں خواتین کے کردار کے عنوان سے منعقد کی گئی۔ جس میں راشد شیخ، علیزہ، شانزے، سائرہ، مروت راٹھور، باسط باغی، معظم اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے محنت کش خواتین کے عالمی دن کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی انقلابی تبدیلی کیلئے ماضی میں خواتین کے کردار کو زیر بحث لایا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی کے تمام تر انقلابات میں خواتین نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے موجودہ عہد میں بھی خواتین معاشرے کا پچاس فیصد حصہ ہیں اور ان کی سیاست میں عملی شرکت کے بغیر کوئی بھی سماجی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ اس لئے اس نظام کیخلاف لڑائی کو تیز کرنے کیلئے خواتین کو اس کا حصہ بناتے ہوئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کیا جائیگا۔