باغ: اساتذہ کا شفیلڈ کالج کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا اعلان

| رپورٹ: راشد باغی |

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام باغ (آزاد کشمیر) کے ایک نجی تعلیمی ادارے شفیلڈ کالج میں ملازمین پر معاشی جبر اور بے جا دھونس کے حوالے سے 24 اگست کو ایک مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین نے بتایا کہ اوقات کار میں نا معقول طوالت یعنی چوبیس گھنٹے تک تدریسی اور انتظامی ذمہ داریوں نے اساتذہ کو ذہنی اور جسمانی بیماریوں میں مبتلا کر دیا ہے۔کئی ماہ تک تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی۔ تنخواہ کے مطالبے پر اساتذہ کو پرنسپل نے دھکے دے کر ادارے سے بے دخل کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم تین مہینے تک تنخواہ دیتے ہی نہیں ہیں۔ معاشی اور سماجی جبر کے ستائے ہوئے ان تدریسی محنت کشوں نے ضلعی انتظامیہ کے تمام بڑے دفاتر کے چکر لگائے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ اس اجلاس میں شفیلڈ کالج کی انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ کے بدترین استحصال کے خلاف احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ احتجاج کا آغاز 29 اگست سے کیا جائے گا جو اساتذہ کے مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔