ملتان: تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کی احتجاجی ریلی

| رپورٹ: نادر گوپانگ |

مورخہ 3 مئی کو پنجاب ٹیچرزایسوسی ا یشن اورپنجاب ٹیچرزیونین ملتان کے زیراہتمام تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف چوک نواں شہر تاپریس کلب ملتان تک سینکڑوں اساتذہ پر مشتمل احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین کے صوبائی صدر اللہ بخش قیصر، ضلعی صدر مسعودگجر، محمودالحسن، چوہدری خالدحسین سندھو، مسز نسیم اختر، عبدالرزاق، حاجرہ بی بی، حافظ سلمان محمود، رخشندہ جبیں اور پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے رہنما ندیم پاشا نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں سمیت تمام ملکی اداروں کو چلانے میں ناکام ہو چکی ہے اور اپنے ذاتی ایجنٹوں کو تمام سرکاری ادارے کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کر رہی ہے۔ بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر سرکاری تعلیمی ادارے ختم کر کہ ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب لاکھوں طلبہ سے مفت تعلیم کی سہولیات چھینی جا رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اساتذہ کا معاشی استحصال ختم کر کے فوری طور پر اساتذہ کی برطرفیاں اور سروس ضبط کرنے جیسے ہتھکنڈے ختم کیے جائیں۔ ہر شہری کو مفت تعلیم فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ PEF کو دئیے گئے ادارے فوری طور پر واپس کئے جائیں اور 6 مئی 2015ء کے معاہدے کے مطابق اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی جائے۔ اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کی جائیں۔ شہری اور دیہاتی اساتذہ کو بلاتفریق 50 فیصد ہاؤس رینٹ دیا جائے۔ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کے سکیل ریوائز کر کے تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ اگر نجکاری بند نہ کی گئی اور بیچے گئے سکولوں کو واپس نہ کیا گیا تواحتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ اساتذہ نے تمام اداروں کے ملازمین سے اپیل کی کہ نجکاری کے خلاف ایک جڑت بنا کر لڑائی لڑنی چاہیے۔ ریلی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کارکنوں نے مزدور نامہ او رشمارہ طبقاتی جدوجہد فروخت کیا۔ ریلی میں ’’نجکاری مردہ باد‘‘، ’’IMF کا جو یار ہے غدار ہے‘‘، ’’نجکاری کرنے والو ہم تمہاری موت ہیں‘‘ اور ’’ایک کا دکھ سب کا دکھ‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ ریلی کے بعد پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور پنجاب ٹیچرز یونین ملتان کی مشترکہ میٹنگ ہوئی جس میں مسعود گجر (صدرPTU ملتان)، محمودالحسن (سینئر نائب صدر PTU ملتان) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے ندیم پاشا، اسلم انصاری، نادر گوپانگ اور کامریڈ سقراط نے شرکت کی۔ میٹنگ میں نجکاری کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔