گوجرانوالہ: ماسٹرٹائل میں ہڑتال کا دوسرا روز، مزدوروں پرجھوٹے مقدمات قائم

[رپورٹ: گلزادہ خان]
ماسٹر ٹائل میں آج 24 نومبر بروز اتوار دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال جاری رہی اور مزدوروں نے فیکٹری گیٹ پر دھرنا جاری رکھا۔ فیکٹری مالکان نے یونین کے قانونی اور بنیادی حق کو تسلیم کرنے میں ہٹ دھرمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور پولیس سے ساز باز کر کے تھانہ صدر کامونکی میں یونین عہدیداروں کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنوا دیا ہے۔ مقدمے میںیونین عہدیداروں کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 50 افراد کو نامعلوم میں رکھا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق مزدوروں نے فیکٹری گیٹ پر توڑ پھوڑ کی ، گملے توڑے اور سات لاکھ روپے کا نقصان کیا۔ یہ تمام الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں کیونکہ اس دن سارا وقت میڈیا اور پولیس وہاں موجود رہی، کوئی توڑ پھوڑ ہوئی اور نہ ہی کوئی نقصان ہوا۔ مزدوروں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے راہنما کامریڈ آدم پال نے گوجرانوالہ اور پاکستان بھر کی مختلف یونینوں کی جانب سے اظہار یکجہتی کے پیغام پڑھ کر سنائے اور کہا کہ جب تک تمام برطرف مزدوروں کو بحال نہیں کیا جاتا ، جھوٹے مقدمات ختم نہیں کیے جاتے اور یونین کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے صحافی یونین کے راہنما ڈاکٹر عمر نصیر، اشرف بھٹہ ایڈووکیٹ، عابد سہیل بھٹی، گلزادہ خان اور دیگر سماجی کارکن آئے اور انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ مزدوروں نے بتایا کہ انہوں نے علاقے کی دیگر صنعتوں کے مزدوروں سے رابطے تیز کر دئیے ہیں اور جلد ماسٹر گروپ اور دیگر صنعتوں میں مزید یونینیں رجسٹرڈ کرائی جائیں گی۔ انہوں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ پر بھی شدید تنقید کی جو اس کڑے وقت میں مزدوروں کی بجائے سرمایہ داروں کا ساتھ د ے رہا ہے۔ مزدوروں نے بتایا کہ مالکان کا یہ بیان کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مزدوروں کو نکالا گیا ہے سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔ ایک طرف تو فیکٹری میں اربوں روپے کی گیس چوری ہو رہی ہے اور قرضوں کی نادہندگی کی وجہ سے بند کی جانے والی بھٹیوں کو بھی چوری چلایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے خاص حکم سے فیکٹری کو چار سو ایم سی ایف گیس کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ساتھ کی فیکٹریوں میں صرف 13ایم سی ایف گیس کی اجازت ہے۔ ماسٹر ٹائل کو پورا سال گیس ملتی ہے۔ مزدوروں کو صرف یونین بنانے کی پاداش میں فیکٹری سے نکالا جا رہا ہے۔ یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ جھوٹے مقدمات اور انتقامی کاروائیوں سے گھبرانے والے نہیں اور آخر تک لڑیں گے اور جدوجہد کو کامیاب کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل وہ کمشنر آفس کے باہر دھرنا دیں گے تا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانبداری کا بھانڈا پھوڑا جا سکے۔ اس دھرنے میں دیگر یونین کے افراد بھی ان کی حمایت میں وہاں آئیں گے۔ اس موقع پرلیف لیٹ بھی تقسیم کیا گیا جس کا عنوان تھا ’’محنت کشوں کے نام ماسٹر ٹائل کے ورکروں کا پیغام‘‘۔ اس لیف لیٹ میں ماسٹر گروپ اور دیگر صنعتوں کے ورکروں سے یکجہتی اور فیکٹریوں میں یونین بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ لیف لیٹ چھٹی کے وقت تمام مقامی فیکٹریوں میں تقسیم کیا گیا۔