لاہور: ریلوے کی نجکاری کے خلاف لیبر کانفرنس

’’ریلوے حکمرانوں کے باپ کی جاگیر نہیں ہے‘‘ ریل مزدور اتحاد

’’حکمرانوں کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف ایک مشترکہ جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا‘‘ پی ٹی یو ڈی سی

[رپورٹ:آفتاب اشرف]
نجکاری، مہنگائی، ڈاؤن سائزنگ اور حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف 3 اکتوبر کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) کے زیر اہتمام لاہور ریل انجن شیڈ میں ایک لیبر کانفرنس کا انعقاد کروایا گیاجس کی میزبانی ریل مزدور اتحاد نے کی۔ یہ کانفرنس PTUDC کی قیادت کے ملک گیر دورے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی جس میں PTUDC مرکزی صدر ریاض بلوچ، سینئر نائب صدر قمرالزماں خان، نائب صدر ملک چنگیز، پیپلز لائرز فورم کے مرکزی سیکرٹری الیاس خان، PTCL ایمپلائز یونین کے صدر صابر بٹ، پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن درجہ چہارم کے صدر یوسف بلا، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ڈاکٹر آفتاب اشرف اور ڈاکٹر تجمل بٹ، PTUDC کے مرکزی رہنما آدم پال، ریل مزدور اتحاد کے چیئرمین عنایت علیگجر اور سیکرٹری جنرل سرفراز خان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ PTUDC
کے انٹرنیشنل سیکرٹری ڈاکٹر لال خان نے بھی اس لیبر کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور حکمرانوں کی پالیسیوں کے خلاف ایک مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے لائحہ عمل تشکیل دینے پر غور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام آج غریب انسانوں سے زندہ رہنے کا حق بھی چھینتا جا رہا ہے۔ اس کا بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور یہ نظام اپنے قلعے یعنی امریکہ سے ٹوٹنا شروع ہو گیا ہے۔ مگر ٹوٹتے ہوئے بھی یہ مزید غلاظت اور پراگندگی پھیلا رہا ہے۔ حکمران اور سرمایہ دار آج یہ خیال کرتے ہیں کے مزدور تحریک ایک ماضی کا قصہ بن چکی ہے مگر حقیقت اس سے مختلف ہے۔ محنت کش ایک مرتبہ پھر تاریخ کے میدان میں اتریں گے اور اس نظام کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ کانفرنس کے آخر میں نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد شرکا پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔