پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے سعودی عرب میں غیر ملکی مزدوروں کو قید و کوڑوں کی سزا کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

| رپورٹ: انفارمیشن بیورو PTUDC |

سعودی عرب میں محنت کشوں کو اپنے حقوق کی آواز اٹھانے اور واجب الادا اجرتیں مانگنے کی پاداش میں سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔ گزشتہ برس تعمیراتی کمپنی ’بن لادن گروپ‘ اور ’سعودی اوگر‘ کے محنت کشوں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا تھا، ان میں کئی ایک محنت کشوں کو قید اور کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے۔ مکہ کی عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزاؤں میں چار ماہ قید اور 300 کوڑے شامل ہیں۔ تیل کی گرتی ہوئی قیمتیں اور ترقیاتی اخراجات میں کمی کے باعث سعود ی عرب میں گزشتہ سال 70 ہزار سے زائد ملازمین کوملازمتوں سے جبری برطرف کر دیا گیا تھا۔ ملک کی اہم ترقیاتی کمپنی بن لادن نے بھی ترقیاتی منصوبوں کی کمی کے پیش نظر ہزارو ں محنت کشو ں کو نکال دیا تھا، یہی کچھ اوگر کمپنی نے کیا۔ ان برطرف ملازمین کو کئی ایک ماہ کی تنخواہیں اور بقایا جات تک ادا نہیں کئے تھے۔
ان محنت کشوں کے پاس سوائے احتجاج کے کوئی راستہ نہیں بچا تھا لیکن حکمرانوں نے ان کو عبرت کا نشان بنانے کے لئے ان پر بد ترین ظلم و ستم کیا۔ ان محنت کشو ں کا تعلق پاکستان، بھارت اوربنگلہ دیش سمیت کئی غریب ممالک سے ہے۔ یہ بد نصیب محنت کش محض اپنی غربت سے تنگ آکر اپنے ملک چھوڑ کر سعودی عرب میں سخت حالات میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہوئے۔ سعودی سرمایہ داروں کی جانب سے اس سستی محنت کا سخت ترین استحصال کیا جا تا ہے۔
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اس ظلم و استحصال کی سختی سے مذمت کرتی ہے اور پاکستان میں اس کے خلاف 8 جنوری بروز اتوار ملک گیر احتجاج کاا علان کر تی ہے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق اتوار کے دن کوئٹہ، کراچی، حیدرآباد، دادو ، جوہی، خیر پور،سکھر، رحیم یار خان، جام پور ، کوٹ ادو، ملتان ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی، حسن ابدال، منگورہ سمیت دیگر شہروں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام مظاہرے منعقد کئے جائیں گے جس میں تمام مزدور تنظیموں ، فیڈریشنز ، ایسو سی ایشنز، محنت کشوں ، سیاسی کارکنوں ، دانشوروں اور تمام ترقی پسند قوتوں کو شمولیت کی استدعا کئی جاتی ہے۔