ملتان میں پی ایس ایف کا شاندار کنونشن؛ جو رکے ہوئے ہیں دریا انہیں رکا مت سمجھ

رپورٹ: کامریڈ علی:-

پی ایس ایف ملتان شہر کا کنونشن پی ایس ایف ملتان کے سٹی صدر عاصم خان کی زیر صدارت تھہیم ہاوٗ س چونگی نمبر ۹ میں منعقد ہو اجس کا عنوان بھٹو ازم سوشلزم تھا۔ کنونشن کے مہمانان خصوصی پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما ملک الطاف علی کھوکر، ممبر فیڈرل کونسل حیدر عباس گردیزی، مرکزی جنرل سیکرٹری پیپلز لائرز فورم الیاس خان، ڈویژنل کوآرڈینئڑ طارق خان، مرکزی آرگنائزر بے روزگار نوجوان تحریک راشد خالد، چیئر مین پبلسٹی بورڈ پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن جموں کشمیر ثاقب فاروق، آرگنائزر انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد عمر رشید، رہنما پی ایس ایف جامپور شہر یارذوق، ضلعی صدر مظفر گڑھ و ممبر آرگنائزنگ کمیٹی پی ایس ایف جنوبی پنجاب امتیازتھہیم، رہنما پیپلز پارٹی اسد پتافی اور رہنما پیپلز پارٹی ندیم پاشا تھے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئے روز طلبا کے مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مہنگی تعلیم نے محنت کشوں کے لیے علم کے دروازے بند کردیے ہیں اور بجٹ کا بہت قلیل حصہ تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے۔ طبقاتی نظام اور مہنگائی کے باعث غریب طلباکے لئے تعلیم کا حصول ناممکن ہوتا جارہا ہے اور بے روزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور نوجوان بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت ذوالفقار علی بھٹو کے دیے گئے بنیادی سوشلسٹ پروگرام سے انحراف کرچکی ہے۔ اس بنیادی سوشلسٹ پروگرام میں تمام مسائل کا حل موجود ہے اور پارٹی کے سوشلسٹ پروگرام اور منشور کے نفاد سے ہی ملک سے بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے مگر پارٹی کی موجودہ قیادت منشور کی بجائے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اور عالمی سامراج کی عوام دشمن مالیاتی پالیسیا ں نافذ کئے ہوئے ہیں۔
پی ایس ایف کے کنونشن میں آل پاکستان پراگریسو یوتھ الائنس کے راہنماؤں کو بھی دعوت دی گئی تھی جو ملک کے مختلف حصوں میں موجود ترقی پسند طلباء تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں۔
کنونشن میں قرار داد منظور کی گئی کہ فوری طور پر بھٹو کے قاتل عالمی سامراج آئی ایم ایف ورلڈ بینک کی مالیاتی پالیسیاں منسوخ کرکے پارٹی کے سوشلسٹ منشور پر عمل درآمد کیا جائے۔ طلبا راہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ طلباء یونین پر عائد پابندی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور تمام تعلیمی اداروں میں انتخابات کروائے جائیں۔ تمام نوجوانوں کو روزگار یا بیروزگاری الاؤنس دیا جائے۔ طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت مفت فراہم کی جائے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تعلیمی داروں کی نجکاری کا فوری خاتمہ کیا جائے۔پیپلز پارٹی مزدور دشمن اور فاشسٹ سیاسی پارٹیوں ق لیگ، ایم کیو ایم و دیگر سے اتحاد ختم کرے۔ نجکاری کی پالیسی کا خاتمہ کیا جائے۔ بجلی پیدا کرنے والے تمام اداروں کو نیشنلائز کر کے مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے جس سے سرکلر ڈیٹ کا خاتمہ ہوگا اور لوڈ شیڈنگ سے مکمل نجات حاصل ہو گی۔
کنونشن سے شیخ رضی، احسن خان، ضیغم خان، عدیل لاشاری، ذیشان شہزاد، عالیان بھٹہ، عمران اوینس، بلاول بھٹہ، مرزا تحسین بیگ، سہیل پتافی، اورنگ زیب خان، کامریڈ علی، اسامہ حیدر، رانا علی اور دیگر طلبا نے خطاب کیا۔ کنونشن میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔
یہ کنونشن آل پاکستان پراگریسو یوتھ الائنس کی مرکزی قیادت کے ملک گیر دورے کے دوسرے حصے کا پہلا پروگرام تھا۔ اس کے بعد بہاولپور،رحیم یار خان، گھوٹکی،سکر، خیرپور میرس، دادو، حیدرآباد اور کراچی میں نوجوانوں اور طلبا کی کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور انقلابی سوشلزم کا پیغام طلبا میں اجاگر کر کے انہیں ایک پلیٹ فارم پر منظم کیا جائے گا۔ سچے جذبوں کی قسم جیت ہماری ہو گی۔

جو رکے ہوئے ہیں دریاانہیں رکا مت سمجھ
یہ بہہ نکلے تو چیر دیں  گے سینہ  پہاڑوں  کا