| رپورٹ: PTUDC دادو |
گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں سرمایہ داروں کی لالچ اور انتظامیہ کی غفلت کے نتیجے میں ہونے والے سانحے، جس میں درجنوں محنت کش شہید ہو گئے، کے خلاف پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے پریس کلب دادو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف ٹریڈ یونینزکے نمائندے بھی شریک تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ جہاز توڑنے والی صنعت میں بیس ہزار سے زائد محنت کش کام کرتے ہیں اور بالواسطہ طور پر بیس لاکھ سے زائد مزدور اس صنعت سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں کام کرنے کے باوجود محنت کشوں کی بنیادی ضرورتوں کی تکمیل اور تحفظ کے لیے کوئی بھی سہولت مہیا نہیں کی گئی۔ جب کہ ہفتے میں تین سے چار چھوٹے بڑے حادثات کے واقعات ہوتے ہیں۔ مگر نہ حکومت اور نہ ہی نجی سرمایہ دار اور ٹھیکیدار کسی بھی قسم سہولت دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سانحے میں ملوث سرمایہ داروں، ٹھیکیداروں اور سرکاری عملے پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے اور شہید مزدوروں کے ورثا کو کم از کم پچاس لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے۔ احتجاجی مظاہرے سے ہائی ویز لیبر یونین کے رہنما کامریڈ ضمیر حسین کوریجو، PTUDC سندھ کے صدر کامریڈ انور پنہور، پاکستان پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنما کامریڈ راجہ رفیق پنہور، بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنما کامریڈ اعجاز بگھیو، کامریڈ حنیف مصرانی، کامریڈ صدام خاصخیلی اور دیگر نے خطاب کیا۔