راولپنڈی: پی آئی اے کے شہدا کی برسی پر تقریب کا انعقاد

| رپورٹ: PTUDC شمالی پنجاب |

پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف جدوجہد میں جام شہادت نوش کرنے والے اور زخمی ہونے والے محنت کشوں کی جدوجہد آخری دم تک جاری رکھیں گے۔اس عزم کا اعادہ پیپلز یونٹی راولپنڈی کے صدر رمضان لغاری نے مؤرخہ 2فروری کو ریاستی جبر کا شکار ہوکر شہید اور زخمی ہونے والے ملازمین کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کیا۔ ’’جدوجہد تادم زندگی‘‘ کے عنوان کے تحت تقریب کا انعقاد پیپلز یونٹی نے پی آئی اے کے شہدا کی پہلی برسی کے موقع پر کیا تھا ۔ اس تقریب میں پیپلز یونٹی، ائیر لیگ، انصاف فرنٹ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، ریل مزدور اتحاد اور پیپلز پارٹی کے مندوبین اور بڑی تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز یونٹی راولپنڈی کے صدر رمضان لغاری نے کہا کہ پی آئی اے پر شب خون مارنے والی حکومت کے خلاف جدوجہد میں ہمارے ساتھیوں نے جان کا نذرانہ دیا۔ ہم ان کی اس جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پی آئی اے کے غداروں اور ادارہ کی ممکنہ نجکاری کے خلاف تمام تعصبات سے بالاتر ہو کر اپنے ادارے کی طرف اٹھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے اور حکمرانوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔تقریب سے رمضان لغاری کے علاوہ سہیل مختار جنرل سیکرٹری پیپلز یونٹی، ضیغم سجاد کیانی جنرل سیکرٹری ائیر لیگ، ملک ناصر صدر انصاف فرنٹ، شعیب خان وائس پریذیڈنٹ پیپلز یونٹی، ڈاکٹر چنگیز ملک مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی اور ملک نوید نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نجکاری کی پالیسی کی شدید مذمت کی اور نجکاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔