پیرامیڈیکل سٹاف کا پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں احتجاجی جلسہ

[رپورٹ : PTUDC لاہور]
مورخہ 29 نومبر بروز جمعرات پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایک عظیم الشان احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے قائدین اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس احتجاجی جلسہ عام کا مقصد سروس سٹرکچر کی بحالی، تنخواہوں میں اضافہ، ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقلی اور گنگا رام ہسپتال سے نکالے گئے 9 ملازمین کی فوری بحالی کے لئے آواز بلند کرنا تھا۔ اس احتجاجی جلسہ میں PTUDC کے کارکنان نے بھی بھر پور شرکت کی۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال نے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے تمام مطالبات کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ اکیلے نہیں ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم پاکستان کے دیگر اداروں کے ملازمین تک آپ کی آواز لے جائیں گے تا کہ متحد ہو کر مشترکہ مفادات کی لڑائی کو آگے بڑھایا جاسکے، یہ ابھی محض آغاز ہے ہمیں ایک بڑی لڑائی کیلئے تیاری کرنی ہو گی تاکہ پاکستان سے غربت، بیروزگاری، بھوک، افلاس اور ہر طرح کے استحصال کا خاتمہ کیا جاسکے۔ میں آج اس سٹیج کی وساطت سے حکمرانوں کو یہ چیتاونی دینا چاہتا ہوں کہ اگر تم نے پاکستان کے غریب محنت کش عوام پر مظالم ڈھانے کی پالیسی کو ترک نہیں کیا تو تمہارا بھی وہی حال ہوگا جو عرب کے ظالم اور جابر حکمرانوں کا ہو رہا ہے۔
پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے قائدین نے اپنے خطاب میں حکومتِ پنجاب اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے ہمارے مطالبات ماننے کے باوجود عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ہمارے ساتھ جھوٹے وعدے کئے گئے اور اب جب ہم اپنا حق حاصل کرنے کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کر رہے ہیں تو ہمارے ساتھی ملازمین کو اداروں سے جبراً نکالا جا رہا ہے، ملازمین کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ مگر ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں، اگر حکومت نے جلد از جلد ہمار ے نکالے گئے ساتھیوں کو بحال نہ کیا اور سروس سٹرکچر سمیت دیگر مطالبات کو منظور کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا تو ہم مجبوراًہڑتال کا راستہ اپنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ہمارے بچوں کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین کر یہ حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں مگر اب انتہا ہو گئی، اب اگر ہمیں ہمارا حق نہ دیا گیا تو ہم حکمرانوں سے اپنا حق چھین لیں گے۔ جلسہ عام سے PTUDC کے راہنما کامریڈ آدم پال، پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے صدرملک منیر، پیرا میڈیکل ایسو سی ایشن کے راہنما یوسف بلاّ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔