لاہور: پیرا میڈیکل سٹاف کا دھرنا

[رپورٹ: PTUDC لاہور]
مورخہ 19دسمبر کو پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام مال روڈ پر واقع Government Officers Residence کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیاجس میں لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی قیادت اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کا مقصد سروس سٹرکچر کا حصول، تنخواہوں میں اضافہ، ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی اور گنگا رام سے ناجائز طور پر نکالے گئے ملازمین کی بہالی تھا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یوسف بلا اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے دیگر قائدین نے کہا کہ اپنے آپ کو خادمِ اعلیٰ کہنے والے حکمران دراصل فرعونوں سے بھی بد تر ہیں، بڑے بڑے محلوں اور شاندار دفاتر میں بیٹھنے والے سیاستدانوں اور بیوروکریٹوں کو غریب محنت کشوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ظالمِ اعلیٰ شہباز شریف اور اس کے مشیروں کو شرم آنی چاہئے کہ پچھلے کئی گھنٹوں سے معمر خواتین اور بزرگوں سمیت درجنوں ملازمین شدید ٹھنڈ میں اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے سڑک پر بیٹھے ہیں اور ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھین لینا چاہتے ہیں لیکن ہم محنت کش بھی اپنا حق چھین کے لینا جانتے ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کی نمائندگی کرتے ہوئے کامریڈ راشد خالد نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں اور استحصال کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ کر عیاشیاں کرنے والے یہ حکمران باتوں کے نہیں لاتوں کے بھوت ہیں جو نسل در نسل ہم محنت کشوں کے سروں پر مسلط چلے آرہے ہیں۔ اپنے حق مانگنے والے محنت کشوں کے ارد گرد مسلح پولیس اہلکاروں کے حصار دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ حکمران نہتے محنت کشوں سے کس قدر خوفزدہ ہیں۔ حالیہ عرصے میں YDA (ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن) کی کامیاب جدوجہد نے یہ ثابت کیا ہے کہ اپنا حق چھین لینے کے سوا محنت کشوں کے پاس کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔ سروس سٹرکچر اور ملازمین کی مستقلی کے مسائل ریلوے، پوسٹ، اساتذہ سمیت ہر ادارے میں موجود ہیں۔ پیرا میڈیکل کے ملازمین کو تمام اداروں کے محنت کشوں کو اپنے ساتھ ملاتے ہوئے طبقاتی بنیادوں پر اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ PTUDC اس جدوجہد میں پیرامیڈیکل ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ پیرا میڈیکل سٹاف کی جدوجہد کو دوسرے اداروں کے محنت کشوں کے ساتھ جوڑ کر کامیاب بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کا استعمال کریں گے۔