کامریڈ بشیر لاکھو ہم سے بچھڑ گئے!

مورخہ 30 مارچ کو قاضی احمد سے تعلق رکھنے والے کامریڈ بشیر لاکھو روڈ حادثے کے نتیجے میں پانچ دن کوما میں رہنے کے بعد ہم سے بچھڑ گئے۔ ہم اُن کے خاندان کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کامریڈ بشیر لاکھو ایک سرگرم انقلابی تھے اور اس خطے میں مارکسزم کی قوتوں کی تعمیر میں ہراول کردار ادا کرتے رہے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے صحافی تھے اور اخباروں میں مزدور تحریک کی خبروں کو خصوصی کوریج دینے اور محنت کش طبقے کے مسائل کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کرتے تھے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی میں رہ کر بھی ہمیشہ محنت کش طبقے کے مفادات کی بات کی اور پارٹی کے بنیادی سوشلسٹ نظریات کا عَلم بلند رکھا۔ وہ یوم مئی کی ریلیوں کو منظم کرنے میں بھرپور کردار ادا کرتے تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس گلے سڑے سرمایہ دارانہ نظام کے تحت ملک کا بوسیدہ انفراسٹرکچر اور علاج کا ناقص انتظام اُن کی موت کا ذمہ دار ہے۔ ایک جارحانہ انقلابی تبدیلی کے ذریعے ہی اِن مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر کے ایسی قیمتی جانوں کے زیاں کو روکا جا سکتا ہے۔ کامریڈ بشیر لاکھو کو ہم سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ وہ سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔