[رپورٹ: کامریڈ نعمان خان]
4 جنوری بروزہفتہ نادرا کے محنت کشوں نے بیوروکریسی کی لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے کی قیادت PTUDC کے صوبائی چیئر مین اور نادرا ایمپلائز یونین کے مرکزی صدرسلیم شیرپاؤ نے کی جبکہ صوبائی صدر عظمت قذافی، حضرت گل، گوہر ایوب مروت، عباس چمکنی، عابد علی عابد، سلطان یوسف سمیت صوبہ پختونخواہ کے تما م زون (ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، چترال، اپردیر، باجوڑ، کوہستان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چارسدہ، مردان اورپشاور) سے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے درج ذیل مطالبات پیش کئے۔
*DEO ڈیٹا انٹر ی آپریٹر کوبنیادی سکیل BPS-12 دیا جائے۔
*APT Rules 2004 کی بحالی۔
*پروموشن بورڈ اور سینیارٹی لسٹ کا انعقاد۔
*میڈیکل پینل کی منظوری۔
*دوسرے وفاقی اداروں کی طرح نادرا ملازمین کو بھی مراعات دی جائیں۔
*چیئرمین نادرا طارق ملک اور بیورکریسی نادرا کا احتساب کیا جائے۔
مظاہر ین ایف سی چوک سے مارچ کر تے ہوئے پشاورپریس کلب پہنچے، جہاں پر انہوں نے چیئرمین نادرا طارق ملک اور بیوروکریسی کی کرپشن کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی۔
مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سلیم شیرپاؤ نے کہا کہ آج نادرا کے ملازمین صرف پشاور میں ہی مظاہر ے نہیں کر رہے بلکہ ملک بھر میں اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں اور اگر ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ہم ایک تحریک کی صورت میں ابھر یں گے۔ PTUDC کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور نادرا ایمپلائز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری گوہر ایوب مروت نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ محنت کش طبقے کو آج تک اپنے حقوق کسی نے باآسانی جھولی میں نہیں دیے بلکہ محنت کش طبقے نے ہمیشہ اپنے حقوق جدوجہد کے ذریعے چھینے ہیں اور آج پھر ہم بھی اپنے حقوق چھین کے رہیں گے، حق مانگنا توہین ہے اور حق چھینا پڑتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا اگر ہمارے مطالبات جلد پورے نہ ہوئے ہیڈکواٹر اسلام آباد کے سامنے دھرنادیں گے اور گھیراؤ کیا جائے گا۔