| رپورٹ: عمر لون |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیراہتمام ارشد بلو شہید کی برسی کے موقع پرجامعہ کشمیرمظفر آباد میں یونٹ سازی کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا عنوان ’’اِس پار بھی لیں گے آزادی، اُس پار بھی لیں گے آزادی‘‘ رکھا گیا تھا اور دیگر طلبہ تنظیموں کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز انقلابی ترانہ گا کر کیا گیا جس کے بعد پہلے مقرر سٹی صدر مجتبیٰ خواجہ نے بحث کو کھولتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر پر روشنی ڈالی اور عالمی تناظر کے پس منظر میں تحریک آزادی کی موجودہ کیفیت کے حوالے سے بات رکھی، اس کے بعد پروگریسیو یوتھ کے حسنات شیخ اور سابق طلبہ رہنما راشد میر نے JKNSFکے پروگرام کو سراہا اور کشمیر کی آزادی کے حوالہ سے اس کے پروگرام کی حمایت کی۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی کامریڈ راشد شیخ نے چین کی طرف سے کشمیر کو کالونی بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ان تمام تر منصوبہ جات سے یہا ں کے عوام کو کوئی فائدہ نہ ہو گا، جبکہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں تحریک نے ایک انقلاب کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے اور JKNSF نے اس تحریک کی حمایت میں کشمیر سمیت دیگر برانچوں سے مظاہرے منعقد کئے۔ نام نہاد آزاد کشمیر میں چند برس قبل مظفرآبادیونیورسٹی میں ہونے والے طلبہ یونین کے انتخابات کی تحریک اٹھی اور مسٹ یونیورسٹی میرپور، ایگریکلچر یونیورسٹی راولاکوٹ کے طلبہ نے اپنے مطالبات کے لئے شاندار جدوجہد کی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ تحریکیں زیادہ شدت سے اُبھریں گی۔ JKNSF سکولوں سے یونیورسٹی سطح تک فیسوں میں اضافے، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ سہولیات کی کمی کے خلاف مفت تعلیم اور سہولیات کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ یہ صورتحال جاری رہی تونہ صرف بیروزگاری میں اضافہ ہوگابلکہ جن اداروں تک عوام کی پہنچ ہے وہاں بھی غریبوں کے بچوں کو داخلہ مِلنا بند ہو جائے گا، لہٰذا ہم ہر قدم پر عوام کے شانہ بشانہ حقوق کے لئے لڑتے رہیں گے۔ نو منتخب کا بینہ کا اعلان کامریڈ اویس علی نے کیا اورحلف لیا جس کے مطابق صدر فیصل راٹھور، نائب صدر عمر لون، جنرل سیکرٹری باسط باغی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جنید کیانی، آرگنائزر احتشام گردیزی، ڈپٹی آرگنائزر جازی، سیکرٹری مالیات دانش عباسی ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بھر پور نعرہ بازی کی گئی۔









