ملتان میں لیبر کانفرنس کا انعقاد

| رپورٹ: کامریڈ توصیف |

مورخہ 29 اپریل 2016ء کو باوا صفرا ملتان میں پاور لومز ورکرز یونین ملتان، نیشنل ٹریڈ یونین ملتان، رواداری تحریک اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ( PTUDC) کے زیراہتمام ایک لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پاور لومز ورکر یونین کے صدر یوسف انصاری نے کی۔ انہوں نے یکم مئی کے حوالے سے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور نجکاری کی مذمت کی اور کہا کہ ہم حکمرانوں کی ان مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ اس کانفرنس میں لیبر لیڈر شاہ ولی راجپوت، PYA کے ریجنل یوتھ آرگنائزر کامریڈنادرگوپانگ، کامریڈ سقراط، کامریڈ توصیف، ملتان لیبر یونین کے رہنما ملک عاشق بھٹہ، اشرف علی قریشی، پیپلز لیبر بیورو کے صدر ملک بشیر اعوان اور رواداری تحریک کے رہنما سیمسن سلامت نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبقاتی بنیادوں پر متحد ہو کر اپنے حق کے لئے محنت کشوں کو لڑنا ہو گا۔ انہوں نے نجکاری کے خاتمے، 16 سے 18 گھنٹے کی بجائے 8 گھنٹے کے اوقات کار اور دوسری یونینز کی طرح پاور لومز ورکرز یونین کو بھی رجسٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔ PTUDC کی طرف سے کامریڈ اسلم انصاری نے کہا کہ ہمیں تمام اداروں کی یونینز کو متحد کر کے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے تاکہ ان تمام ظالمانہ حکومتی پالیسیوں اور جبر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس کے بعد PTUDC کے رہنما کامریڈ ندیم پاشا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ساری دولت محنت کشوں کے خون پسینے کو نچوڑ کر حاصل کی اور اب بھی جبر و استحصال جاری رکھے ہوئے ہیں جیسا کہ 60 بڑے اداروں کی نجکاری کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یکم مئی کے دن کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں اس غلاظت، بھوک، ننگ، افلاس، مہنگائی، بے روزگاری، لاعلاجی اور بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو اس نظام کو بدل کر ایک ایسے نئے نظام کی بنیاد رکھنا ہوگی جو سرمایہ داری کی غلاظت سے پاک ہو۔ کانفرنس کے اختتام کے بعد ایک ریلی نکالی گئی اور نجکاری ا ورظالمانہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔