میرپور خاص: یوم مزدور پر ریلی

| رپورٹ : امیت کمار |

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر مزدور اتحاد میرپور خاص کے زیر اہتمام مزدور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، واپڈا ہائیڈرو یونین، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن، فوڈ گودام یونین، ہاری فرنٹ، سوشلسٹ موومنٹ، پروگریسو ورکرز فیڈریشن، ایپکا، پوسٹل یونین، سندھ گریجویٹ ایسوسی ایشن، ٹیچرز ایسوسی ایشن، شگر مل یونین اور دیگر مزدور تنظیموں، محنت کشوں، نوجوانوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
mirpurkhasریلی نے اسٹیشن چوک سے چلتے ہوئے سارے شہر کا چکرلگایا اور آخر میں پریس کلب میرپورخاص جاکر اختتام پزیر ہوئی جہاں PTUDC کے صوبائی رہنما کامریڈ پرشوتم، خالد حسین، ہردل کمار، حمیدچنا، رمیش، ہائیڈرو یونین کے اکبر لغاری، تاج بلوچ، احمد علی راہمون، ایاز شورو، ارشد گلاب، سونو مل، جے رام داس، راموں، موہن، دیالو، اشوک، جمیلہ، نصرین لغاری، اور بیروزگارنوجوان تحریک کے کامریڈ کپل، منیش، منگل اور امیت کمار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کی یاد میں منایا جانے والا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح محنت کشوں نے اپنی جانیں دے کر مراعات حاصل کی تھیں۔ لیکن آج کا حکمران طبقہ ہم سے وہ سب کچھ واپس چھیننا چاہتا ہے، ماضی میں تنخواہوں کا تناسب کسی حد تک بہتر تھا لیکن اس وقت جہاں سونے کی قیمت 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے وہاں کم از کم اجرت محض 12 ہزار ہے جو کہ انسانیت کے تذلیل کے مترادف ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کی کم از کم اجرت ایک تولہ سونے کے برابر ہونی چاہیے، ریلی کے شرکا نے تمام قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا تمام اداروں کو قومی تحویل میں لیکر محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے۔