منگ: یوم مزدور پر ریلی

| رپورٹ: یاسر حنیف |

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتما م منگ (پلندری) میں شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی نے شہر بھر کا چکر لگایا اورشرکا نے سرمایہ داری، مہنگائی، نجکاری اور دہشت گردی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے فاروق، زمردشفیق، کلرک ایسوسی ایشن کے تنویر الطاف، JKNSF کے یاسر حنیف، الطاف اور راشد آرزو نے شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے شکاگو کی جدوجہد تمام دنیا کے محنت کشوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انسانیت کی پوری تاریخ طبقاتی جدوجہد کی تاریخ ہے۔ اس تاریخ میں واقعہ شکاگو ایک اہم سنگ میل ہے۔ واقعہ شکا گو کی اسی تاریخی اہمیت کے باعث مزدوروں کا عالمی دن پوری دنیا میں بغیر کسی نسلی، مذہبی یا علاقائی امتیاز کے منایا جاتا ہے۔ سرمایہ داری کے خلاف شکاگو کے محنت کشوں کی شروع کی گئی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ آج سرمایہ داری کے بحران کی قیمت محنت کشوں کو ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی، غربت، دہشت گردی اور پسماندگی نے محنت کشوں کی زندگیوں کو اجیرن کر رکھا ہے۔ دنیا کا کوئی بھی خطہ سرمایہ داری کے پیدا کردہ مسائل سے آزاد نہیں ہے۔ موجودہ عالمی حالات ایک بہت بڑی سماجی تبدیلی کے متقاضی ہیں۔ صرف محنت کش طبقہ ہی اس تبدیلی کو ممکن بنا سکتا ہے۔ یوم مئی اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ شہدائے شکاگو نے جس منزل کے حصول کے لیے قربانیاں دی تھیں اس کے لیے تمام دنیا میں جدوجہد کو تیز کیا جائے۔ تاکہ اس ظالمانہ نظام سے چھٹکارا حاصل کر کے انسانیت کواس کی حقیقی منزل سے ہمکنار کیا جا سکے۔