شیخوپورہ: شیرِ بنگال لیبر کالونی میں یومِ مئی پر مزدور جلسہ

| رپورٹ: ولید خان |

یومِ مئی 2015ء کو شام 5 بجے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام شیرِ بنگال کالونی شیخوپورہ میں یومِ مئی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کالونی سے محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
DSCN2038مقررین میں ایمکو ٹائلز کے رہنما چودھری رشید اور اکرم گجر، ملت ٹریکٹرز کے چودھری اشرف، اتحاد کیمیکل کے ذوالفقار شاہ اور خالد ڈھلوں، لیبر کالونی کے رہنما جاوید کھوکھر، PTUDC جنوبی ایشیا کے جنرل سیکرٹری آدم پال اور رہنما آفتاب اشرف اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ولید احمد خان شامل تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض لیبر کالونی کے وقاص نے انجام دئیے۔مقررین نے یومِ مئی کی تاریخی اہمیت اور مزدور تحریک میں سنگِ میل کے طور پراس دن کے کردار کو اجاگر کیا۔ شکاگو کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے رنگ، نسل، مذہب اور ذات پات کی کھوکھلی تفریقوں سے بالاتر ہو کر آنے والی نسلوں کیلئے وہ مشعل روشن کی جس کی روشنی میں ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ مزدور رہنماؤں نے مختلف فیکٹریوں میں مزدوروں کی مشکلات اور استحصال پر بھی روشنی ڈالی اور آنے والے وقت میں زیادہ سرگرم ہو کر جدوجہد کو آگے بڑھانے کا عزم بھی کیا۔
DSCN2046تقریب کی بحث کو سمیٹتے ہوئے آدم پال نے کہا کہ آج سیاست، معیشت، سماج غرضیکہ ہر جگہ نظریات کا شدید فقدان ہے۔ اگر کوئی نظریہ ہے، اگر کوئی اصول ہے تو وہ صرف سرمایہ ہے۔ ہر روز نئے ڈرامے اور نئے کھلواڑ مزدور کے شعور پر مسلط کئے جاتے ہیں۔ نہ حقیقی مسائل پر بات ہوتی ہے نہ کوئی بحث۔ میڈیا ریاست کی بی ٹیم کا کردار ادا کرتے ہوئے سوائے اپنی قیمت لگوانے کے اور کوئی کام نہیں کر رہا۔ عدلیہ کا کام صرف مزدوروں کی تحریکوں کو انصاف کے نام پر توڑنا رہ گیا ہے جبکہ ہر مذہبی فرقہ اپنے مالیاتی مفادات کا چورن بیچ رہا ہے۔ باقی رہی سہی کسر مزدور رہنماؤں کی غداریوں اور مفاد پرستی نے پوری کر دی ہیں۔اس تمام کیفیت میں اگر مزدور لاتعلق اور مایوس ہے تو ہمیں قطعی حیران نہیں ہونا چاہئے۔لیکن وقت ہمیشہ ایک نہیں رہتا۔ عالمی طور پر بڑے بڑے واقعات رونما ہو رہے ہیں جو حکمران طبقے کی کمزوری اور سرمایہ دارانہ ریاست کے کھوکھلے پن کا اظہار ہیں۔ وقت قریب آ رہا ہے کہ نئے سرے سے مزدور منظم ہوں اور اپنے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے اس استحصالی نظام کو اکھاڑ پھینکیں کیونکہ صرف سوشلسٹ انقلاب ہی وہ واحد راستہ ہے کہ جس میں پیداوار کا مقصد حصولِ منافع نہیں بلکہ محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں منصوبہ بندی سے انسانی ضروریات کے تحت پیداوار ہے۔
تقریب کے دوران PTUDC کے کارکنان نے بڑی تعداد میں مزدور نامہ اور طبقاتی جدو جہد پرچہ بھی فروخت کیا۔ تقریب کے اختتام پر ثقافتی پروگرام بھی ہوا جس میں PTUDC لاہور سے احسن نے انقلابی نظم پیش کی جبکہ استاد ناصر خان اورصفدر حسین نے انقلابی گیتوں اور غزلوں سے سامعین کے دلوں کو گرمایا۔