رپورٹ: علی اکبر:-
یوم مئی2012ء کی تقریبات کی تیاریوں کوحتمی شکل دینے کیلئے تحصیل کوٹ ادو کی مزدورتنظیموں کامشترکہ اجلاس جناح ہال ٹی ایم اے کوٹ ادو میں منعقدہوا۔ اجلاس کی میزبانی یونائیٹڈلیبریونین ٹی ایم اے کوٹ ادو ،مزدوریونین ٹی ایم اے کوٹ ادو اورپاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپیئن نے کی۔اجلاس میں اوجی ڈی سی ایل ،کیپکو،پارکو،واپڈا،پی ٹی سی ایل ،ایریگیشن ،محکمہ تعلیم،تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن،ریونیوڈیپارنمنٹ،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ،وٹرنری ہیلتھ،کلریکل سٹاف سمیت مختلف اداروں میں موجود مزدورتنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کامقصدتحصیل سطح پرلیبرایکشن کمیٹی کی وسعت ،فعالیت اوریوم مزدورکی تقریبات کو باہمی مشاورت سے حتمی شکل دیناتھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وسیع بنیادوں پر مزدوراتحادکی ضرورت پرزوردیا۔اورمزدورتحریک کومنظم کرنے پرپاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپیئن کے کردارکوسراہاگیااورکہاکہ بین الاقوامی مالیاتی پالیسیوں پرعمل درآمداورسامراجی اطاعت نے محنت کش طبقے کی زندگی کواجیرن کرکے رکھ دیاہے۔جمہوریتوں اور آمریتوں کے کھلواڑنے محنت کش طبقے کو مہنگائی بے روزگاری لاعلاجی عدم تحفظ کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ہرآنے والاحکمران گذشتہ حکومت سے زیادہ ہمارااستحصال کرتاہے ۔دوسری طرف ہمارے متحدنہ ہونے سے ہمارے طبقے کی اکثریت سرمایہ داروں ،جاگیرداروں،مالکوں اورتاجروں کے مفادات کی محافظ سیاسی پارٹیوں کاایندھن بن جاتی ہے۔ہماری طاقت ہمارااتحاد ہے۔اگرہم اس اتحادکونظریاتی بنیادوں پرقائم کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں توہم اپنے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔اجلاس میں متفقہ طورپرلیبرایکشن کمیٹی کووسعت دی گئی۔یوم مزدورکیلئے طے کیاگیاکہ تمام دوست اپنے اپنے ادارے کے مزدوروں کے ساتھ ریلوے سٹیشن گراؤنڈکوٹ ادو پر صبح 8بجے جمع ہونگے اورریلی کی شکل میں ریلوے روڈ سے گزرتے ہوئے اقبال پارک پہنچیں گے جہاں پرجلسہ ہوگا۔
اجلا س سے الفتح یونین کے چیئرمین غضنفرعلی شاہ، جنرل سیکرٹری غلام حسین چدھڑ،سینئروائس چیئرمین زبیرخان مروت،وائس چیئرمین ایم ایم شہباز،اوجی ڈی سی ایل مزدوریونین کے نائب صدرملک اخترکالرو،اعظم خان ،واپڈاہائیڈرویونین کے جنرل سیکرٹری ظفرنتکانی ،ایریگیشن ایمپلائزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمردین، پنجاب ٹیچریونین کے رہنماملک مظہربریار،ماسٹرمحمدلطیف،انجمن پٹواریان کے صدرشفقت علی،ایپکاکے رہنماامین چشتی،ملک منیراحمد،یونائیٹڈلیبریونین کے جنرل سیکرٹری حمیدمسیح،انتظارخان،غلام رسول،عاشق حسین،اقبال بھٹی،پی ٹی سی ایل یونین کے نویداحمد،وٹرنری سٹاف ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیزمشوری،مزدوریونین نیشنل بینک کے محمدیامین ،مزدورشاعرمختیاراحمدمخلص ،پی ٹی یوڈی سی کے کامریڈعلی اکبر،بے روزگارنوجوان تحریک کے ضلعی صدرعامرلطیف، فری میڈیاایسوسی ایشن کے صدرامتیازطاہر،پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدرملک مختاراحمدکھوکھر اورجنرل سیکرٹری مظہرحیات خان نے خطاب کیا۔