| رپورٹ: PTUDC ملتان |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) ملتان کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پرمزدور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سید حیدر عباس گردیزی نے کی جبکہ سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ، وا پڈا ہائیڈرو یونین کے زونل چیئرمین محمود بھٹی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) ملتان کے صدر ڈاکٹر کبیر اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل عزیز، ریلوے لیبر یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد، پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر مسعود گجر، او جی ڈی سی ایل کے محمد فاروق، تنویر گجر، بابو نفیس احمد انصاری، پاورلومز ورکرز یونین کے صدر یوسف انصاری نے خصوصی شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض PTUDC کے رہنما اور ریجنل آرگنائزر کامریڈ ندیم پاشا نے سر انجام دےئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ محنت کش طبقہ آج جن مسائل سے دوچار ہے ان کے حل کے لئے منظم و متحد ہو کر جدوجہد کی جائے۔ مقررین نے کہا کہ حکمران طبقہ اب واپڈا، پی آئی اے، ریلوے، اور دیگر اداروں کی نجکاری کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کو بھی نجکاری کی بھینٹ چڑھانے پر تل گیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ محنت کش حکمرانوں کے ان مزدور دشمن اقدامات کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ایجنٹوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ تقریب میں نجکاری کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے لئے یونائیٹڈ فرنٹ بنانے کی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ نجکاری، ٹھیکیداری اور سرمایہ داری کا خاتمہ کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے استحصال سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس عظیم مقصد کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ تقریب سے واپڈا کے مزدور رہنما طارق چوہدری، PYA کے ریجنل آرگنائزر نادر گوپانگ، اسلم انصاری، محمد حسین کھوکھر، عاصم خان، احسن خان، فیضان قریشی، انجم سعید، جام سجاد، سمیر، شیخ رضی، توصیف احمد، سقراط لنڈ، امتیاز، رئیس قریشی، ملک بشیراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں ریلوے اسٹیشن ملتان پر ریلوے لیبر یونین، ریلوے محنت کش یونین اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مشتاق احمد، ندیم پاشا، سلیم ڈاہر، انجم سعید، نادر گوپانگ، اسلم انصاری، ظفر تھہیم، رمضان جٹ، نسیم خان، چوہدری رشیداور ایوب مجاہد نے کی۔ ریلی کے شرکا نے آئی ایم ایف اور نجکاری کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے اور شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کو اپنی میراث قرار دیتے ہوئے مزدور دشمن نظام کے خلاف لڑنے کا اعادہ کیا۔