جامپور: یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کی ریلی

| رپورٹ: طیب رفیق |

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پورے ملک اور دنیا بھر کی طرح جام پور میں بھی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، پیپلز پارٹی، پروگریسو یوتھ الائنس (PYA)، کسان اکٹھ اور واپڈا کے محنت کشوں نے مشترکہ ریلی منعقد کی۔ ریلی کا آغاز دن گیارہ بجے کوٹلہ روڈ سے ہوا۔ انتہائی منظم انداز اور انقلابی جوش خروش سے ریلی اپنے مقررہ راستوں پر نعروں کے سنگ رواں دواں رہی۔ نجکاری، مہنگائی، غربت، بیروزگاری، محنت کشوں کے جابرانہ استحصال کے خلاف انقلابی نعرہ بازی کی گئی۔ ریلی کا اختتام ٹریفک چوک جام پور پر ہوا۔ اختتام پر واپڈاکے محنت کشوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ریاض حسین نے ٹریڈ یونین اشرافیہ کی مذمت کی اور آئندہ مزدوروں کی شکتی کے ساتھ نجکاری کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا عزم کیا۔ اس کے علاوہ کسان اکٹھ کے رہنما اللہ بخش، بزم کیفی کے سلیم انصب، PTI رہنما عبدالرزاق راجا، PYA کے رہنما شہریار ذوق اور پیپلز پارٹی کے رہنما کامریڈ رؤف لُنڈ نے خطاب کیا جس میں انہوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے استحصالی کردار اور محنت کشوں کی انقلابی بغاوت کے شعور کو اُجاگر کیا۔ ریلی میں جام پور کے علاوہ محمد پور، طلائی والااور گردونواح سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔