دادو، سکھر اور نواحی شہروں میں یوم مئی کے موقع پر جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد

یوم مئی 2016ء کے موقع پر دادو، سکھر اور نواحی شہروں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور مختلف ٹریڈ یونین تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور مزدور جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔

دادو
محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے دادو میں شکاگو کے شہید مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور مہنگائی، ٹھیکیداری، نجکاری اور سرمایہ داری کے خلاف پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے ریلی نکالی گئی جو ہائی ویز لیبر ہال سے لطیف لیبر ہال تک گئی۔ ریلی میں مختلف اداروں اور تنظیموں بشمول واپڈا، رکشہ یونین، پاکستان پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن، میونسپل ایمپلائز یونین، پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن، سندھی ادبی سنگت، ہائی ویز لیبر یونین، پوسٹ آفس ورکرز، بیروزگار نوجوان تحریک سے محنت کشوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی انقلابی جذبے کے ساتھ لطیف لیبر ہال پہنچی جہاں پر جلسہ منعقد کیا گیا۔ اس کی صدارت کامریڈ امین جمالی نے کی جب کہ صدارتی تقریر PTUDC کے ضلعی صدر محمد موریل پنہورنے کی، ویلکم اسپیچ صدام خاصخیلی نے کی۔ مہمانان خاص واپڈا ہائیڈرویونین کے محمد وریل میرانی اور نظیر احمد پنہور تھے۔ اس کے علاوہ سندھی ادبی سنگت کے رہنما کامریڈ ضمیر کوریجو، تعلقہ میونسپل ایمپلائز یونین کے بشیر سولنگی، روڈوا (رکشہ یونین) کے عباس علی وگھیو، بیروزگار نوجوان تحریک کے حنیف مصرانی، PTUDC صوبہ سندھ کے صدر کامریڈ انور پنہور، پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف یونین کے رہنما کامریڈ راجہ رفیق پنہور، واپڈا کے زونل چیئرمین نظیر پنہور نے خصوصی شرکت کی۔ مزدور رہنماؤں نے اپنے خطاب میں شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکمرانوں اور سرمایہ دارانہ نظام کومزدور دشمن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نجکاری کی پالیسی فوری طور پر ترک کی جائے، نجکاری کمیشن کا خاتمہ کیا جائے اور کم از کم اجرت ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے۔

شہداد کوٹ
رپورٹ: سکندر سیلرو
شہدادکوٹ میں یوم مئی پرجوش طریقے سے اور انقلابی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ صبح آٹھ بجے سے مزدور تنظیموں کے کارکن شہر کی مختلف گلیوں اور محلوں سے سرخ پرچم اٹھاکے مزدور اتحاد اور سرمایہ داری، جاگیرداری اور نجکاری کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے لیبر ہال پہنچے، پھر وہاں سے ریلی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، سران مزدور یونین، جیپ ڈاٹسن یونین، چوکیدار یونین، تعمیرات یونین، فیکٹری ورکرز یونین، کارپینٹرر یونین، بیروزگار نوجوان تحریک، انقلابی ہاری جدوجہد سمیت دوسری مزدور انجمنوں نے حصہ لیا۔ ریلی کی قیادت کامریڈ عرس سیلرو، کامریڈ غلام اللہ سیلرو، قربان سومرو، عبدالفتاح، سرفراز چھلگری، وہاب پندہرانی، کامریڈ قادر بخش، ستار منگنہار، غلام جان بروہی نے کی، اس کے بعد ٹوموٹو چوک پر جلسہ عام ہوا، جس میں پانچ سو کسانوں، نوجوانوں اور مزدوروں نے شرکت کی۔

خیرپور میرس
یوم مئی کی مناسبت سے خیرپور میں 30 اپریل کی رات 10 بجے الشہباز بلڈنگ ورکرز ایسوسی ایشن، یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے جلسہ منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت پیپلز پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ نواب وسان نے کی۔ مہمان خاص کامریڈ انور پنہور تھے۔ مقررین میں پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) سے کامریڈ سعید خاصخیلی، یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن سے اعجاز عباسی اور امجد لاکھیر، PTUDC کے آغا شاہنواز، لالا رضا درانی اور کامریڈ انور پنہور، ایگریکلچر ورکرز یونین کے محمد بخش سیال، کنسٹرکشن لیبر یونین کے شاہد سمنگ، الشہباز بلڈنگ ورکرز ایسوسی ایشن کے امان اللہ جاگیرانی، سوئی سدرن گیس ایمپلائز یونین کے تراب رند شامل تھے۔ اس موقع پر کامریڈ سعید خاصخیلی اور کامریڈ انور پنہور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے بنیادی سوشلسٹ منشور سے بالکل منحرف ہو چکی ہے جو کہ پارٹی کی زوال پزیری کی بنیادی وجہ ہے، انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی حمایت جیتنے کے لئے پیپلز پارٹی کو دوبارہ سوشلسٹ منشور کی طرف لوٹنا ہو گا اور مزدور دشمن سرمایہ دارانہ پالیسیاں ترک کرنا ہوں گی۔

سکھر
پورے ملک کی طرح سکھر میں بھی مختلف محنت کش تنظیموں نے یوم مئی انقلابی جوش اور جذبے سے منایا۔ مرکزی ریلی ہرا میڈیکل سنٹر سے نکالی گئی جس میں واپڈا ہائیڈرو یونین، میونسپل ایمپلائز یونین، سوئی گیس، ایریگیشن ایمپلائز یونین، پی ٹی سی ایل، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور دوسری مزدور تنظیموں نے شرکت کی۔ مختلف راستوں سے ہوکر ریلی گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔ نجکاری کے خلاف نعرے بازی سے تقاریر کا آغاز ہوا۔ مقررین میں واپڈا ہائیڈرو یونین سکھر کے زونل چیئرمین سید حسین شاہ، عبدالحلیم آخوند، مظہر حسین انصاری، سوئی گیس سے خادم حسین شیخ، پی ٹی سی ایل سے شفیع اللہ، ایریگیشن یونین کے صدر خادم حسین کھوسو، میونسپل یونین کے جنرل سیکرٹری علی مردان شیخ اور PTUDC کے سعید خاصخیلی شامل تھے۔

جوہی
رپورٹ: وارث بوزدار
شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریس کلب جوہی میں جلسہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت کامریڈ امین لغاری نے کی جب کہ خطاب کرنے والوں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) صوبہ سندھ کے صدر کامریڈ انور پنہور، مزدور رہنما انور سیال، شبیر رستمانی، خادم کھوسو، حمید لغاری، بیروزگار نوجوان تحریک کے کامریڈ حنیف مصرانی، فاروق پنہور اور فہد پنہور شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ آج محنت کش طبقے کو اپنے مسائل کے حل کے لئے طبقاتی بنیادوں پر یکجا ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی اور حکمرانوں سے اپنے حقوق چھیننے ہوں گے، یہی شکاگو کے شہیدوں کا راستہ اور آج کے دن کا پیغام ہے۔

کے این شاہ
رپورٹ: وارث بوزدار
یکم مئی کے حوالے سے کے این شاہ میں بھی مزدور ریلی نکالی گئی جو بلوچ پیٹرول پمپ سے پریس کلب کے این شاہ تک گئی۔ ریلی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، بیروزگار نوجوان تحریک، پروگریسو یوتھ الائنس اور سندھ ایگریکلچر یونین کے کارکنان نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ عیسیٰ، آصف لاکھیر، اعجاز ببر، ساجد، خالد کھونہارو اورر سندھ ایگریکلچر یونین کے نواب بگھیہ اور ہمالی یونین کے وزیر گاڈھی نے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد آگے بڑھانے پر زور دیا۔

قاضی احمد
رپورٹ: وارث بوزدار
یکم مئی کے حوالے سے قاضی احمد میں بھی ناز ہوٹل سے پریس کلب قاضی احمد تک محنت کشوں کی ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے مزدور دشمن قوانین، نجکاری، مہنگائی اور سرمایہ داری کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرنے والوں میں کامریڈ اعجاز بگھیو، سکندر خاصخیلی، یار محمد لاکھو شامل تھے۔ ریلی مز دور اتحاد یونین قاضی احمد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے منظم کی گئی تھی۔