بلوچستان میں یوم مئی کی تقریبات

| رپورٹ: PTUDC بلوچستان |

بدترین ریاستی جبر اور نامساعد حالات کے باوجود بلوچستان کے مختلف شہروں میں یوم مئی کے موقع پر ریلیوں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا اور محنت کشوں نے شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ جبر و استحصال کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔

کوئٹہ
کوئٹہ میں یوم مئی کے سلسلے میں دو بڑے جلسے منعقد ہوئے۔
پہلی تقریب پاکستان ورکرز کنفیڈریشن، بلوچستان ورکرز فیڈریشن، متحدہ فیڈریشن اور دوسری اتحادی تنظیموں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، نیشنل آرگنائزیشن آف پوسٹل ایمپلائز (نوپ) سی بی اے کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ ریلی مرک مارکر فیکٹری چمن پھاٹک سے نکالی گئی۔ اس ریلی میں مختلف اداروں کی ریلیاں آکر شامل ہوتی گئیں۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی میں مزدوروں نے زبردست نعرے بازی کی۔ جلسہ عام کی صدارت ماما سلام نے کی جبکہ مہمان خاص محمد حسن بلوچ اور علی بخش جمالی تھے۔ جلسہ عام سے مرک ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری منظور بلوچ، افضل مینگل، PTUDC کے مرکزی رہنما نذر مینگل، آصف شاہ، عبدالحکیم، علی رضا منگول، ندیم اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ناصر راہی نے ادا کیے۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کی قربانیوں اورجدوجہد پر روشنی ڈالی اور موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی اور اسکے بھیانک اثرات، محنت کشوں کی حالت زار، نجکاری، بے روزگاری، مہنگائی اور ٹریڈ یونین تحریک کے بارے میں اظہار خیال کیا۔
دوسرا پروگرام پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس کی صدارت واپڈا ہائیڈرو یونین بلوچستان کے صدر رمضان اچکزئی اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر حاجی بشیر نے کی۔

خضدار
مزدور اتحاد کی جانب سے مختلف ٹریڈ یونینز کے اشتراک سے یوم مئی کا دن جو ش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مزدور چوک ڈاکخانہ سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی آزادی چوک پر ایک بہت بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہو گئی۔ مقررین میں مزدور اتحاد کے چیئر مین صابر قلندرانی، جنرل سیکرٹری آغا ذوالفقار علی شاہ، وائس چیئرمین عبدالنبی قرنی، عبدالحمید کھیازی، منیر احمد مینگل، PTUDC اور نوپ سے جاوید ناصر اور پیرا میڈیکل سے عبداللہ ساسولی نے خطاب کیا اور نجکاری جیسی مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔

سبی
سبی میں مختلف ٹریڈ یونینز کے اشتراک سے ڈاکخانہ چوک سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی جناح روڈ اور نشتر روڈ سے ہوتی ہوئی جرگہ ہال کے سبزہ زار میں جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی۔ دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود مزدوروں کا جوش و ولولہ قابل دید تھا۔
Sibi جلسہ عام کے مقررین نے شہدائے شکاگو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور مزدوروں کی مشکلات پر روشنی ڈالی۔ جلسہ عام سے واپڈا ہائیڈرو یونین کے علی حیدر مگسی، محمد افضل کھوسہ، ٹیچر ایسو سی ایشن کے صدر ملک ریاض، میونسپل کمیٹی سے طاہر وکٹر، ایریگیشن یونین سے خلیل، پیرامیڈیکل کے عزیز احمد گشکوری، ریڑھی یونین کے نمائندگان، انور دھپال اور PTUDC کے امجد بلوچ نے خطاب کیا۔

قلات
مشترکہ ملازمین اتحاد قلات کے زیر اہتمام مختلف ٹریڈ یونینز کے مزدوروں نے بی اینڈ آر آفس سے ایک ریلی نکالی۔ ریلی قلات بازار، شاہی بازار سے ہوتی ہوئی میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار پر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسہ عام سے مشترکہ ملازمین کے صدر منیر احمد، جنرل سیکرٹری دادمحمد، PTUDC کے وحید بلوچ، نوپ کے رہنما علی احمد دہوار، پبلک ہیلتھ کے اقبال مگسی، ٹیچر یونین کے رشید احمد لانگو، محمد اشرف دہوار، پنشنرز یونین کے مبارک خان، میونسپل کمیٹی کے حافظ رشید نے خطاب کیا۔