سیالکوٹ: یوم مئی پر مزدور جلسے کا انعقاد

| رپورٹ: ناصر بٹ |

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے عالمی یوم مزدور پر سیالکوٹ بار ہال میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی PLF کے رہنما الیاس خان تھے جبکہ پروگرام زیر صدارت سینئر لیبر وکیل وحید بخاری منعقد ہوا۔ دیگر مہمانان گرامی میں صدر فارورڈ گیئرورکرز یونین محمد علی بٹ، سابق بار صدر ملک مشتاق ایڈووکیٹ اور خواجہ اویس مشتاق شامل تھے۔ پروگرام میں جوق در جوق لیدر فیلڈ، فارورڈ گیئر، فرسٹ امریکن، ٹیلن سپورٹس سمیت واپڈا، پی ٹی سی ایل اور پوسٹ کے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فارورڈ گیئر ورکرز یونین سے ریلی کی شکل میں سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یوم مئی محنت کشوں کا عالمی دن ہے جو کہ دنیا کے ہر خطے میں منایا جا تا ہے اس میں کسی رنگ و نسل کی تفریق نہیں۔ آج کے عہد میں محنت کشوں پر معاشی، سماجی اور سیاسی حملے کیے جارہے ہیں، عوامی اداروں پر نجکاری کی ننگی تلوار لٹک رہی ہے، مزدور وں کے ساتھ کم از کم اجرت کے نام پر دھوکہ کیا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مزدور کی کم ازکم اجرت ایک تولہ سونا کے برابر کی جائے، ریاست ہر مزدور کو رہائش، تعلیم و صحت کی سہولیا ت کی فراہمی یقینی بنائے۔ آخر میں مقررین نے فارور ڈ گیئر ورکرز یونین کے صدر محمد علی بٹ اور دوسرے قائدین پر ریاستی جبر کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ہر فورم پر لڑنے کا اعادہ کیا۔ بار ایسو سی ایشن سیالکوٹ کی طرف سے محنت کشوں کے لئے مفت قانونی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا۔ دیگر مقررین میں PTUDC کے عمر شاہد، بابر پطرس، ناصر بٹ، ملک ضرار ایڈووکیٹ اور فارورڈ گیئریونین کے نائب صدر شمس تبریزاور فنانس سیکرٹری افضل چیمہ شامل تھے۔ پروگرام کے آخر میں ڈی سی او چوک تک ریلی منعقد کی گئی جس میں مزدور دشمن رویہ رکھنے والے ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر ملک بشارت کو بر طرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔