کشمیر بھر میں یوم مئی کے موقع پر جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد

دنیا بھر کی طرح کشمیر میں بھی یوم مزدور بھر پور جوش و جذبہ سے منا یا گیا۔ مختلف تقاریب میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے نمائندگان نے کشمیر میں ٹریڈ یونین پر عائد پابندی کی بھر پور مذمت کی۔

راولاکوٹ
رپورٹ:عمر شفیع
یوم مزدور کے موقع پر راولاکوٹ میں جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام شکاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شرکا نے سرمایہ دارنہ نظام کے خلاف اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بھر پور نعرہ بازی کی گئی۔ بعد از ریلی پی ڈبلیو ڈی کے زیر اہتمام جلسہ منعقد کیا گیا جس سے مرکزی صدر جے کے این ایس ایف بشارت علی خان، مرکزی آرگنائزر پی ٹی یو ڈی سی حلیم ساجد، مرکزی صدر جوڈیشل ایمپلائز آفتاب تبسم، مرکزی نائب صدر پی ڈٖبلیو ڈی امتیاز حسین شاہ اور دیگر نے خطاب کیا اور محنت کش طبقے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

مظفرآباد
روپورٹ: دلاور راٹھور
مظفرآباد میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یکم مئی 2016ء کو اکلاس ایمپلائزپروگریسویونین (CBA) آزاد کشمیر، عوامی لیبر یونین (CBA) نیلم جہلم پراجیکٹ مظفرآباد، پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن آزاد کشمیر، لیڈیز ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر، پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین آزاد کشمیر، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے مشترکہ طور پر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں جلسہ کا انعقاد کیا۔ جلسے میں مزدوروں، نوجوانوں اور خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ راجہ محمد شبیر مرکزی صدر اکلاس ایمپلائزپروگریسویونین، چوہدری طارق ضلعی صدر پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن، سیدہ یثرب ضلعی رہنما لیڈیز ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن، چوہدری قیوم ضلعی جنرل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین، نوید اسحاق مرکزی صدر پی ٹی یو ڈی سی آزاد کشمیر اور دیگر نے خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض اکلاس ایمپلائزپروگریسویونین کے نگران اعلیٰ طاہر سیلم کیانی نے سر انجام دیے۔ قبل از جلسہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے جی پی او مظفرآباد سے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد تک ریلی بھی نکالی۔

باغ
رپورٹ: کفایت اللہ
مورخہ یکم مئی 2016ء کو JKNSF اور PTUDC کے زیراہتمام ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج باغ سے ہوا۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اعلان جنگ کے ساتھ ساتھ محنت کشوں کے عالمی اتحاد کے نعرے رقم تھے۔ ریلی آخر میں حیدری چوک میں پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہو گئی جس سے راشد باغی، کفایت، حفیظ اور دوسرے مقررین نے خطاب کیا اور عالمی پیمانے پر مزدور جدوجہد کی تاریخ، اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔

پلندری
رپورٹ: کامریڈ نجیب
یوم مئی کے حوالے سے پلندری میں PTUDC اور PWD کے زیر اہتمام جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں سینکڑوں محنت کشوں نے ایک ریلی نکالی جس میں مزدوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکمرانوں کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ ریلی نے پورے شہر کا چکر لگا کر PWD ریسٹ ہاوس میں جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد آصف خان صدر (PWD ورکرز یونین)، سردار اکمل مسعود، سردار افضل شاہین، ڈاکٹر نجیب اللہ، عبدالواحد(مرکزی سیکرٹری جنرل PTUDC)، چوہدری فضل حسین، آفتاب احمد، ظہور تبسم و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کیا اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ان کی جدوجہد لے کر آگے بڑھنے کا عزم ظاہر کیا۔

 منگ
رپورٹ: نعمان خادم
دُنیا بھر میں عالمی یوم مزدور، جو شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، اس حوالے سے منگ میں بھی JKNSF اورPTUDC کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں طلبہ، محنت کشوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین میں JKNSF کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات یاسر حنیف، ضلعی آرگنائزر نعمان خادم، رہنما NSF طاہر اسحاق، عبدالحمید عالیانی، PTUDC کشمیر کے نائب صدر فاروق خان، راشد آرزو و دیگر شامل تھے۔ مقررین نے سوشلسٹ انقلاب کی حتمی منزل تک سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔