حیدرآباد اور نواحی شہروں میں یوم مئی کے موقع پر جلسے اور ریلیاں

محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے حیدرآباد اور نواحی شہروں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام جلسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں نوجوانوں اور محنت کشوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حیدآباد
رپورٹ: نثار چانڈیو
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور پاکستان ورکرز فیڈریشن سندھ کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کو خراج پیش کرنے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، نجکاری اور غربت کے خلاف حیدر چوک سے حیدرآباد پریس کلب تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر کے مختلف علاقوں، فیکٹریوں اور تعلیمی اداروں سے محنت کشوں، نوجوانوں اورخواتین نے شرکت کی۔

ریلی حیدر چوک سے پریس کلب پہنچی تو ایک جلسے کی شکل اختیار کرگئی جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے صوبائی جنرل سیکریٹری نثار احمد چانڈیو، انفارمیشن سیکریٹری حنیف مصرانی، بیروزگار نوجوان تحریک کے افضل مصرانی، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری محبوب علی قریشی، گولڈن کوکیز انڈسٹریز مزدور یونین CBA سائیٹ ایریا حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری محمد ایاز عباسی، جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ کمیٹی PWF اسلم عباسی، HDE واسا کے سرپرست اعلیٰ امتیاز علی کولاچی و دیگر نے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد ہی کی بنا پر دنیا بھر میں محنت کشوں کو 8 گھنٹے کے اوقات کار میسر آئے۔ لیکن آج پاکستان سمیت دنیا بھر کا حکمران طبقہ ماضی میں دی گئی تمام تر مراعتیں محنت کشوں سے چھین رہا ہے، غربت کی وجہ سے کتنے ہی اداروں میں محنت کش آج بھی 12 سے 16 گھنٹے کام کرنے پر مجبور ہیں، دوسری جانب موجودہ حکومت قومی اداروں کی نجکاری کرنے جارہی ہے، اس عمل میں تمام اداروں کو اپنے من پسند خریداروں کو بیچا جائے گا جس کے نتیجے میں ملک میں مزید بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔ آئندہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی تجویز پر ملک میں موجود پینشن کی عمر کی مقرر حد کو بڑھانے کا منصوبہ بناکر بوڑھوں سے اب پینشن کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے ماضی میں دی گئی تمام تر مراعاتیں بھی اب بند کردی گئیں ہیں، آج پورے ملک میں کبھی نہ دیکھی گئی مہنگائی کردی گئی ہے جس سے لوگوں کا گزارا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ 1184 بچے پاکستان میں صرف غربت، بھوک اور غذائی قلت کی وجہ سے مرنے پر مجبور ہیں، اس تمام تر صورتحال میں آج ہمیں محنت کش طبقے کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ یہ تمام تر غلاظتیں اس سرمایہ دارانہ نظام کی بدولت ہیں اورضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم بنا کسی قومی، لسانی، مذہبی تعصب کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اس ظالم نظام کے خلاف لڑیں اور سوشلسٹ انقلاب برپا کریں جہاں کسی مزدور کا کوئی استحصال نہ ہو۔

میرپورخاص
رپورٹ : خالد حسین
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین (PTUDC) کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت کامریڈ پرشوتم، کامریڈ رمیش، کامریڈ خالد حسین اور منگل رام نے کی۔ ریلی میں میرپورخاص کے محنت کشوں، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد میں شریک تھی جبکہ مختلف ٹریڈ یونینوں اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں جن میں سوشلسٹ مو ومنٹ کے حمید چنا، سندھ محنت کش کے علی محمد چنڈ، میرپورخا ص شوگرمل یونین کے حمید شیخ، واپڈا ہایڈروالیکٹرک ورکر یونین کے اکبر لغاری، ملک کریم، ساتھ فاؤ نڈیشن کے فیاض گہورڑ، پاکستان نیشنل ریفارم یونین کے اے ایس اریان، پاکستان پروگریسو سندھ یوتھ گروپ کی عروج شاہ، کلرک ایسوسی ایشن کے ایاض شورو اور پیرا میڈیکل سٹاف، ریلوے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کے محنت کش شامل تھے۔ ریلی ریلوے اسٹیشن چوک سے پریس کلب پہنچ کر ایک جلسے کی شکل اختیار کرگئی جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کیا اور مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بیروزگاری، نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی۔

ٹنڈو الہیار
رپورٹ: محمد حسین آریسر
شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے پاکستان کی سب سے بڑی سبزی منڈی خواجہ اسٹاپ پر ایک ریلی منعقد کی گئی جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے محنت کشوں، کسانوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی  کے شرکا نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ، نجکاری، بیروزگاری اور غربت کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین آریسر، کریم لغاری اور مقبول لغاری و دیگر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سخت قسم کی عوام دشمن پالیسیاں اپنائی ہیں جن کے خلاف آج ہمیں اکھٹے ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کو تیز کیا جا سکے۔

گلاب لغاری
رپورٹ: شاہنواز لغاری
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، غربت، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ کے خلاف اور شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے حیدرآباد اسٹاپ سے اگھا مانو چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں کسانوں، نوجوانوں اور محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے شاہنواز لغاری، اسلم لغاری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں محنت کشوں کا استحصال ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔ اس ذلت سے نجات کا واحد راستہ سوشلسٹ انقلاب ہے جس کے لئے ملک بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو انقلابی پلیٹ فارم پر یکجا کر کے منظم و متحریک کرنے کی ضرورت ہے۔

میرپور بٹھورو
رپورٹ: جبار زنور
یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے علی بندر سے بس اسٹاپ تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے محنت کشوں، کسانوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی شہر سے گشت کرتے ہوئے جب بس اسٹاپ پہنچی تو جلسے کی شکل اختیار کرگئی جہاں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے رہنما جبار زنؤر، سکندر زئنور، کامریڈغنی اور دیگر نے کہا کہ آج محنت کش طبقے کے استحصال میں تیزی آچکی ہے، مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے تعلیم، علاج، غذا اور دوسری ضروریات عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ اس صورتحا ل میں آج ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ایک طبقے کے طور پر انقلابی تحریک کا حصہ بنتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو تیز کریں تاکہ استحصال سے پاک انسانی معاشرہ قائم کیا جاسکے۔