یوم مئی کے موقع پر پشاور اور بنوں میں لیبر سیمینار

یوم مئی کے موقع پر خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

پشاور
رپورٹ: کامریڈ نعمان خان(آرگنائزر BNT پشاور)
پشاور پریس کلب میں 30 اپریل 2013ء کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) خیبر پختونخواہ کے زیراہتمام ایک لیبر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جسکا عنوان ’’1886ء اور آج کا مزدور‘‘ رکھا گیا۔ سیمینار کی صدارت کامریڈ شیر عالم نے کی اور سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داریاں PTUDC سے کامریڈ ارشد علی نے نبھائیں۔
سیمینار سے پختون اوریرنس موومنٹ سے شکیل وحیداللہ، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبریونین سے مُستجاب خان اورگوہرتاج، آل پاکستان نادراایمپلایئزیونین سے سلیم شیرپاؤ، عابد علی اور گوہر ایوب مروت، مزدور کسان کمیونسٹ پارٹی کے گُل پسند، ر یلوے ورکر یونین سےاشفاق باچہ، ریلوے لیبر یونین سے اعجاز مروت اور کامریڈزدن خان، عوامی ورکر پارٹی سے شہابُ الدین خٹک اورارشد ہارون،
مہمند سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے طارق مہمند، بیروزگار نوجوان تحریک سے کامریڈارشد، کامریڈرضوان اور کامریڈحمیدُاللہ شنواری، یوتھ فارانٹرنیشنل سوشلزم سے کامریڈ ساجد خان اور کامریڈ اعجازبیٹانی، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفینس کمپئین خیبرپختونخواہ کے صدر کامریڈ فرہادخان، کامریڈفضل قادر، مالاکنڈ سے کامریڈغفران احد ایڈوکیٹ، راولپنڈی سے کامریڈ چنگیز اور پی ٹی یو ڈی سی کے انٹرنیشنل سیکرٹری اور کامریڈڈاکٹر لال خان نے شرکاء سے خطاب کیا۔
کامریڈ فضل قادر نے انقلابی جو ش سے سرمایہ دارنہ نظام کی مخالفت کی اور 1886ء کے مزدور شہداکو خراج تحسین پیش کیااور کراچی میں گارمنٹس کی فیکٹری میں آگ سے جلنے والے مزدور محنت کشوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ بیروز گارنوجوان تحریک کے کامریڈحمیدُاللہ شنواری نے جب انقلابی نظم پیش کی تو حا ل میں مو جود تمام افراد جذباتی ہو گئے اور ہا ل میں سوشلسٹ انقلاب زندہ آباد کے نعرے لگنے لگے۔
کامریڈ ڈاکٹر لال خان نے آخر میں سیمنار کا سم اپ کیاجس میں پاکستان سے لے کر پوری دنیا کی معاشی حالات پر ایک نظر دوڑائی اور کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام زمین بوس ہو رہا ہے۔ ساری دنیا میں یہ نظام سماجی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن چکا ہے۔ امریکہ، یورپ، افریقہ سمیت دنیا کی ہر معیشت مقروض، بدحال اور خسارے کا شکار ہے۔ اگر عالمی طور پر بڑی معیشتیں ناکام ہیں تو پاکستان جیسے نیم سرمایہ دارانہ ملک میں محنت کشوں کی حالت زار کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ یہاں کاحکمران طبقہ اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے انتخابات سمیت مختلف اقسام کے ناٹک رچا رہا ہے مگر آنے والی حکومتیں بھی اس نظام پر بیٹھ کر محنت کش طبقے کی سہولیات اور حقوق چھینے گی۔ محنت کشوں اور نوجوانوں کے پاس واحدایک راستہ رہ گیا ہے کہ وہ یکم مئی 1886ء کی انقلابی روایات کو دہرائیں اوریہاں سے ظلم کے اندھیر کانظام اکھاڑ پھینک کر محنت کشوں کا غیرطبقاتی سوشلسٹ انقلاب برپا کریں تاکہ ہر انسان، انسان کی غلامی سے نجات حاصل کرے۔
سیمنار کے اختتامی الفاظ کامریڈ شیر عالم نے ادا کئے، انہوں نے کہا کہ اس سیمنار کا بنیادی مقصد ہی یہی تھاکہ تمام ٹریڈ یونینز اور مزدوروں کی دیگر تنظیموں کو انقلابی نظریات سیروشناس کروایا جائے تاکہ استحصال کے موجودہ نظام کا خاتمہ کر کے محنت کش طبقے کا پیداوار پر کنٹرول اور حق تسلیم کیا جا سکے اور محنت کش عوام کو یہ پیغام دیا جائے کہ 11 مئی کے الیکشن سے کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا، صرف چہرے بدل جائینگے، بنیادی مسائل وہیں کے وہیں رہیں گے اور تمام تر مسائل کاواحد حل سوشلسٹ انقلاب ہے۔

بنوں
رپورٹ :کامریڈ محمد سلمان خان
PTUDC کے زیر اہتمام بنوں میں یوم مئی کے حوالے سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیاجس کی صدارت ممتاز خان نے کی۔ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے PTUDCکے ریجنل سیکرٹری بخت نیاز خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ شگاکو کے مزدوروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شگاگو کے مزدوروں نے اس وقت کے سرمایہ داروں اور حکمران طبقے کو للکارااور ان کیخلاف متحد ہوکر ہڑتال کی، اس ہڑتال میں بڑی تعداد میں مزدور سٹرکوں پر نکل آئے اورسرمایہ دارانہ نظام کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اچانک نہیں اٹھی تھی بلکہ 1824ء سے چلی آرہی جدوجہد کا تسلسل تھا، 1886ء سے پہلے بھی 1833ء اور 1864ء میں بیکری کے مزدوروں کی ایک ہڑتال منظم کی تھی۔ 1886ء سے پہلے مزدور طبقے کے جھنڈے کا رنگ سفید تھا مگر جب ان پر ریاست کے باوردی غنڈوں نے گولیاں چلائیں توسفید جھنڈا خون میں لت پت ہو کر سرخ ہوگیا اور آج تک مزدور طبقے کے جھنڈے کا رنگ سرخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس سرمایہ درانہ نظام میں مزدور طبقے کو اس نظام کیخلاف اٹھ کھڑاہونا ہوگا ورنہ یہ نظام ہمارا استحصال اسی طرح کرتا رہے گا اور آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کر یں گی۔ ہمیں اس نظام کو اکھاڑ کر پھکنا ہو گا اور اس کی جگہ ایک سوشلسٹ معاشرے کا قیام عمل میں لانا ہو گا اور آج کے دن ہم یہ عہدکرتے ہیں کہ سوشلسٹ انقلاب تک ناقابل مصالحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہمارے پاس کھونے کے لئے صرف زنجیریں ہیں اور پانے کے لئے سارا جہان پڑاہے۔ تقریب سے PYO خیبر پختونخواہ کے رہنما بسم اللہ خان وزیر، ملک یونس خان، مزدور رہنما دوست محمددوست، PTUDC کے کامریڈ اسرار خان، مونسپل کمیٹی کے صدر ولی محمد، PLB کے جان محمدنے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عابد اللہ خان نے ادا کیے۔ اس تقریب میں ہائیڈرویونین سب ڈویژن کے چیئرمین عبدالغازی اور جنرل سیکرٹری سید عباس شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔