بلوچستان میں یوم مئی کی تقاریب

رپورٹ: کامریڈ نذر مینگل:-
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزدوروں کا عالمی دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا یا گیا۔ جہاں عالمی اور ملکی سطح پر محنت کش طبقے کا استحصال شدید سے شدید تر ہو تا جا رہا ہے، ہو نا تو یہ چاہیے تھا کہ محنت کشوں کی تنظیموں، ٹریڈ یونینز اور ایسو سی ایشنز کو متحرک ہو کر ایک پلیٹ فارم پر یو م مئی کو مناتے مگر بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ مفاد پرست لیڈر شپ نے اپنے ذاتی مفادات کو پروان چڑھاتے ہوئے مزدوروں کو مختلف ٹولیوں میں تقسیم کیا۔ اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ مزدور تو اس قابل ہی نہیں ہے کہ وہ اپنے چھوٹے چھوٹے معاشی مفادات سے بلند ہو کر سماج کو تبدیل کریں اور انقلاب برپا کریں۔ جسکی وجہ سے عام مزدور اپنے اپنے ٹریڈ یونین اور تنظیموں سے نا لاں ہو رہے ہیں۔ تنظیموں میں دلچسپی کم ہو رہی ہے۔ اور یہ تمام صورت حال نام نہاد فیڈ ریشنوں، کنفیڈریشنوں اور ٹریڈ یونینز کی قیادت کی وجہ سے ہے۔ چونکہ یہ لیڈر شپ حکمرانوں اور بیوروکریسی کے ہاتھوں بلیک میل ہیں اور اپنے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں۔ اس لیے محنت کشوں کو بجائے منظم کرنے اور انہیں آگاہی دینے اور اپنی طاقت کا احساس دلانے کے، انہیں ان تمام چیزوں سے دور کر کے ان کی دلچسپی کو ختم کر کے اپنے لیڈر شپ کو تا حیات بنانے کے چکروں میں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار صرف کوئٹہ میں سات مقامات پر یوم مئی کے جلسے ہوئے جن میں بلوچستان ورکرز فیڈریشن اور پاکستان ورکرز فیڈریشن، پاکستان ورکرز فیڈریشن بلو چستان، آل پاکستان لیبر فیڈریشن، بلوچستان لیبر فیڈریشن، ریلوے محنت کش یونین، کیسکو لیبر یونین اور پیپلز لیبر بیورو نے علیحدہ علیحدہ جلسے اور ریلیاں منعقد کیں۔

کوئٹہ میں یکم مئی کو صبح مرک فیکٹری، پبلک ہیلتھ اور PTUDC کے کامریڈز صبح نو بجے مرک فیکٹری کے گیٹ کے سامنے جمع ہوئے اور وہاں سے ریلوے اسٹیشن کی طرف ایک ریلی کی شکل میں روانہ ہوئے۔ ریلوے سٹیشن پر واسا یونین کے ورکرز، سروے آف پاکستان اور ایگریکلچر ورکرز یونین کے مزدور بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ریلی کی قیادت ورکرز فیڈریشن، پاکستان ورکرز فیڈریشن، PTUDC اور دیگر اتحادیوں نے کیا۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہو تا ہوئی کو ئٹہ GPO کے سبزہ زارمیں ایک جلسے میں تبدیل ہوئی۔
جلسے کی صدارت بلوچستان ورکرز فیڈریشن کے صدر حسن بلوچ نے کیا۔ جبکہ مہمان خاص پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی رہنما عبد الکریم ترین تھے۔ اسٹیج سیکر ٹری کے فرائض نوپ یونین کے صوبائی جنرل سیکر ٹری شاکر حسین شیخ نے انجام دیں۔ جلسے سے کامریڈ نذر مینگل، مرک فیکٹری کے جنرل سیکر ٹری منظور بلوچ، نوپ یونین کے صوبائی صدر نصیر بلوچ، نور احمد بلوچ، غلام نبی رئیسانی، کامریڈ علی رضا منگول، محمد حنیف محمد حسنی، سلطان مزدور یا ر،بلوچستان فرنیچرمینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے اویس ہدایت، رحمت اللہرئیسانی، واسا یونین اور بلوچستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکر ٹری عبد الحکیم کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ لعل جان عاجز نے مزدوروں کا انقلابی گیت پیش کیا۔
مقررین نے خطا ب کر تے ہوئے شہدائے شکاگو کو سرخ سلام پیش کیا جنہوں نے استحصال، ظلم، نابرابری اور نا انصافی کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں اور 18گھنٹے کے اوقات کار کو آٹھ گھنٹے میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نام نہاد جمہوری حکومت نے محنت کشوں پر تاریخی ظلم ڈھائے ہیں۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ حکمرانوں نے لوٹ مار کر کے اپنے لئے دولت کے انبار لگا دیئے ہیں جبکہ محنت کش صرف زندہ رہنے کے لئے دو دو ڈیوٹیا ں کر نے پر مجبور ہے۔ مقررین نے کہا کہ اب انسانیت کو سر مایہ دارانہ نظام کی اس وحشت سے بچانے کا واحد راستہ ایک مزدور انقلاب ہے۔ محنت کش طبقے کو بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب اور قوم کے طبقاتی بنیادوں پر متحد ہو کر سر مایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ کر ایک سوشلسٹ انقلاب بر پا کرنا ہو گا۔ جو انسانیت کو تمام تر محرومیوں سے نجا ت دلائے گی۔

قلات میں مشترکہ ایکشن کمیٹی کی طرف سے قلات ٹاؤن میں مزدوروں، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کی طرف سے یکم مئی کا جلسہ منعقد ہوا۔ جلسے سے PTUDC کے صدر کامریڈ علی احمد، پیرا میڈیکل سے وحید بلوچ، نوپ یونین سے داد محمد بلوچ، لیکچررز ایسو سی ایشن سے رحمان، بلوچستان ورکرز فیڈریشن سے اسحاق بلوچ، PTCL سے الہٰی بخش، نیشنل پارٹی سے کامریڈ رشید، زمیندار ایکشن کمیٹی سے عزیز مینگل، ایپکا سے ہاشم اور منیر احمد شاہوانی نے جلسہ سے خطاب کیا۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور بتا یا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام استحصال زدہ طبقات اکٹھے ہوکر موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف بھر پور جد وجہد کر کے ایک مزدور انقلاب بر پا کریں۔

سبی میں یوم مئی کے سلسلے میں ریلوے گولباغ پر ایک شاندار جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں ریلوے محنت کش یونین، واپڈا ہائڈرویونین، ایپکا، PTUDC اور ایریگیشن یونین نے شرکت کی۔ جلسے کی صدارت ریلوے محنت کش یونین کے صوبائی وائس چیر مین نسیم گشکوری نے کی۔ اعزازی مہمان ایپکا کے ضلعی صدر مہراب، مہمان خصوصی واپڈا ہائڈرویونین کے حید ر مگسی تھے۔سٹیج سیکر ٹری کے فرائض محمد عالم نے انجام دیئے۔مقررین میں مہراب کچکی، حیدر مگسی، سلام جوشی، مہر جان الفت، یونس، خلیل بلوچ، طارق اسلم، بشیر چانڈیو شامل تھے۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کو سرخ سلا م پیش کیا اور کہا کہ نسلِ انسانی کو مہنگائی، غربت، بھوک، افلاس سے نجا ت صرف محنت کش طبقے کی طبقاتی جد وجہد سے ہی ممکن ہے۔

خضدار میں مزدور اتحاد کے زیر اہتمام یکم مئی کا دن منا یا گیا۔ جلسہ سے مزدور اتحاد کے چےئر مین سیف اللہ، جنرل سیکر ٹری غلام سرور، غوث بخش بلوچ، آغا ذوالفقار علی، عبد الحمید کھیا زئی، ما ما بلوچ خان، عبد الخالق شاکر، عبد الغفور، جاوید ناصر عزت اللہ اور خلیفہ علی بخش نے مزدوروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فر سودہ استحصالی نظام میں محنت کشوں کی بقا ممکن نہیں ہے۔محنت کش طبقے کو متحد ہوکر ایک سماجی تبدیلی کے لئے جد وجہد کر نا ہو گا۔ تب ہی محنت کش طبقے کی نجات ممکن ہے۔