یومِ مئی: آزادکشمیر میں محنت کشوں اور نوجوانوں کے جلسے اور ریلیاں

رپورٹ: کامریڈ حارث:-

عالمی یوم مزدور کے موقع پرآزادکشمیر کے چار اضلاع راولاکوٹ، مظفرآباد، باغ، سدھنوتی اور سب ڈویژن منگ میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپیئن ، جے کے این ایس ایف اور پی ایس ایف کے زیر اہتمام ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کئے گئے۔
راولاکوٹ میں پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیر اہتمام ایپکا، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین، جوڈیشل ایمپلائز ایکشن کمیٹی، ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن، فنی ملازمین، ملازمین درجہ چہارم، جے کے این ایس ایف اور پی ایس ایف کی مشترکہ احتجاجی ریلی، شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، محنت کشوں کو درپیش مسائل کے خلاف ملازمین کے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی اور امریکی شہر شکاگو میں عالمی محنت کشوں، نوجوانوں اور سامراج مخالف قوتوں کی سرمایہ داری نظام کیخلاف احتجاجی کیمپنگ اور مظاہروں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء مہنگائی، بیروزگاری اور حکمرانوں کی محنت کش دشمن پالیسیوں کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلی روایتی راستوں سے ہوتی ہوئی پی ڈبلیو ڈی آفس کے سامنے احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہدائے شکاگوکی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شروع کی گئی لڑائی کو حتمی منزل تک لڑنے اور محنت کشوں کے بین الاقوامی اتحاد کو یقینی بنانے کے لئے جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ یکم مئی کو ہمارامقصد صرف شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ ان کی شروع کی گئی لڑائی کو آگے بڑھانا اور حتمی منزل تک پہچانا ہے۔آج حکمران طبقات سرکای طور پر یوم مئی کی تقریبات منعقد کر کے محنت کشوں کی تحریک کو گمراہ کرنے اور یکم مئی کی اہمیت کم کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو اپنے مطالبات اور مقاصد کے حصول کیلئے اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ چھوٹے چھوٹے الاؤنسز اور تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہماری تحریکیں فوری مطالبات کا حصہ ہیں جسے ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے جبکہ ہماری اصل منزل اور دیرینہ مقصد حکمرانوں کے ایوانوں پر قبضہ کرنا ہے۔ تاکہ تمام وسائل کو محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں دیتے ہوئے منصفانہ تقسیم کی جائے۔ مقررین نے پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کی امیدوں کو چکنا چور کرتے ہوئے قیادت نے مجرمانہ پالیسیاں اختیار کی ہیں اور محنت کشوں اور غریب عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ گھناؤنا کھلواڑ عالمی سامراجی اداروں کی ایماء پر کیا جا رہا ہے۔ آزادکشمیر میں محنت کشوں کی تنخواہوں میں سے لبریشن سیل کے نام پر کٹوتیوں اور صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نئے ٹیکسز کا نفاذ کر کے ایک نیا معاشی حملہ کیا گیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر کے حکمران پاکستانی حکمرانوں کی کاسہ لیسی اور دلالی کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ چند افسران آزادکشمیر پر براجمان ہیں اور وائسرائے کا کردار ادا کرتے ہوئے محنت کشوں اور طلبہ کی زندگیوں کے فیصلے کر رہے ہیں اور خطے کے وسائل کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ نان ایشوز میں عوام کو الجھا کر اصل ایشوز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مقررین نے حالیہ محکمہ صحت کے ملازمین پر لازمی سروس کو مسلط کرنے کے نوٹیفکیشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے نوٹیفکیشن کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہیلتھ ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو منظور کیا جائے اور لازمی سروس کے جاری شدہ نوٹیفکیشن کو فی الفور واپس لیا جائے، تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے، کم سے کم تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے۔ پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے اور اگر ان تمام مطالبات پر فی الفورعملدرآمد نہیں کیا جاتا تو اسی اتحاد کی بنیاد پرتمام ملازمین اور طلبہ تنظیمیں مل کر مشترکہ مفادات کے پیش نظر تحریک کا آغاز کرینگے اور حکمرانوں کو انکے ایوانوں سے گھسیٹ کر باہر نکالیں گے۔ جلسہ سے صدر پی ڈبلیو ڈی ورکز یونین افتخار شاہین،ضلعی صدر اپیکا سردار امتیاز، صدر ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن سردار خورشید، مرکزی صدر جوڈیشل ایمپلائز ایکشن کمیٹی کامریڈ آفتاب تبسم، خالد محمود، زبیر گلشن، پی ایس ایف کے چیئرمین پبلی سٹی بورڈ کامریڈثاقب فاروق، جے کے این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل کامریڈخلیل بابر، ارشاد خان، پی ٹی یو ڈی سی کے آرگنائزر کامریڈیاسر ارشاد، الطاف قادری، سفیر خان، امتیاز شاہ، شاہد عباسی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل فہیم امیر نے ادا کئے۔

پلندری میں ایاز رحیم کے مطابق شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے PTUDCاور پی۔ڈبلیو۔ڈی کے زیر اہتمام ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام میں محنت کشوں ،کی دیگر تنظیموں نے بھی بھر پور شرکت کی جن میں پیرامیڈیکل ،ایپکا ،انجمن قانون گوئیاں ،ٹرانسپورٹ یونین ،تنظیم اساتذہ اور جرنلسٹ یونین شامل تھیں۔ پروگرام کے ابتداء میں ایک احتجاجی ریلی کا احتمام کیا گیا جس کی قیادت تمام تنظیموں کے مرکزی رہنماؤں نے کی۔ ریلی نے شہر بھر کا چکر لگا یا او ر بے روز گاری ،مہنگائی ،کرپشن ،دہشت گردی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی ۔ریلی کے اختتام پر ریسٹ ہاؤس پلندری میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ عام سے PTUDCکے مرکزی رہنماء محمد ظہیرخان ایڈووکیٹ ،وحید عارف پی۔ایس۔ایف ،صدر پی۔ڈبلیو ۔ڈی ورکرز یونین محمد آصف ،نائب صدر درجہ چہارم ورکرز یونین آفتاب احمد ، چوہدری فضل حسین نائب صدر ورکریونین پی۔ڈبلیو۔ڈی ،سردار آصف محمود صدر انجمن قانون گوئیاں ،مشتاق احمد صدر تنظیم اساتذہ ،شبیر گڑالوی ٹرنسپورٹ یونین ،کامران شفیع جنرل سیکرٹری ایپکا ضلع سدہنوتی،حنیف تبسم رہنماء پیپلزپارٹی ،صدر غیر جریدہ ملازمین سردار خلیل الرحمن الرحمن ،عبدالواحد و دیگر نے خطاب کیا۔ شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ شہدائے شکاگو کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ یوم مئی آج پوری دنیا میں بلا تخصیص رنگ و نسل و مذہب ہر جگہ منایا جاتا ہے۔ ہمیشہ کی طرح آج بھی محنت کش طبقہ اس ظالم نظام کے خلاف برسرے پیکار ہے۔ اور پوری دنیا میں ہر جگہ اس نظام کے خلاف بغاوتیں ہو رہی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اس سال کا یوم مئی انتہائی اہم موقع پر منایا جاتا ہے۔ جہاں ایک طرف سرمایہ دارانہ نظام زوال کا شکار ہے تو دوسری طرف وہ دنیا بھر میں طبقاتی جڑت کو کچلنے کے لیے محنت کش طبقے پر ظلم کی انتہاء کر رہا ہے۔ یوم مئی نہ صرف شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے بلکہ اس عظیم جدوجہد کو جو شہدائے شکاگو نے شروع کی تھی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تجدید عہد کا دن بھی ہے۔ مقررین نے کہا کہ آج وہ پوری دنیا میں اس نظام کیخلاف ہونے والی بغاوتوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ اس نظام کے مکمل خاتمہ تک نا قابل مصالحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سندھوتی سے کامریڈ نوید شاہین کے مطابق شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے PTUDCاور PWD ورکرز یونین کے زیراہتمام ایک ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں محنت کشوں ،کی دیگر تنظیموں نے بھی بھر پور شرکت کی۔ جن میں بیروزگا نوجوان تحریک، نیشنل سٹودنٹس فیڈریشن، پی ایس ایف، پیرامیڈیکل، ایپکا، انجمن قانون گوئیاں، ٹرانسپورٹ یونین،تنظیم اساتذہ اور جرنلسٹ یونین شامل تھیں۔ پروگرام کی شروعات ایک عوام ریلی سے کی گئیں۔ جس کی قیادت تمام تنظیموں کے مرکزی رہنماؤں نے کی۔ ریلی نے شہر بھر کا چکر لگا یا او ر بے روز گاری ،مہنگائی ،کرپشن ،دہشت گردی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ریلی کے اختتام پر ریسٹ ہاؤس پلندری میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ عام سے PTUDCکے مرکزی رہنماء محمد ظہیرخان ایڈووکیٹ ،پاکستان پوسٹل یونین کے صدر حلیم ساجد،پی۔ایس۔ایف کے وحید عارف ، پی۔ڈبلیو ۔ڈی ورکرز یونین کے صدر محمد آصف ، پی۔ڈبلیو ۔ڈی ورکرز یونین کے نائب صدر چوہدری فضل حسین ،آفتاب احمد ،سردار آصف محمود صدر انجمن قانون گوئیاں ،مشتاق احمد صدر تنظیم اساتذہ ،شبیر گڑالوی ٹرنسپورٹ یونین ،کامران شفیع جنرل سیکرٹری ایپکا ضلع سدہنوتی ،حنیف تبسم رہنماء پیپلزپارٹی ،صدر غیر جریدہ ملازمین سردار خلیل الرحمن ،جرنلسٹ یونین کے سلیم محمود عبدالواحد و دیگر نے خطاب کیا۔ شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ شہدائے شکاگو کی قربانیوں اور نا قابل مصالحت جدوجہد کا ثمر ہے کہ یوم مئی آج پوری دنیا میں بلا تخصیص رنگ و نسل و مذہب ہر جگہ منایا جاتا ہے۔اُنھوں نے کہا کہ اس سال کا یوم مئی انتہائی اہم موقع پر منایا جا رہا ہے جہاں ایک طرف سرمایہ دارانہ نظام کی چولیں ہل رہی ہیں تو دوسری طرف وہ اپنی بقا کے لیے محنت کش طبقے پر انتہائی وحشیانہ حملے کر رہا ہے۔لیکن محنت کش طبقے نے بھی ایک عالمی جڑت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محنت کشوں پر ہونے والے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اور کچھ ممالک میں تو محنت کشوں نے اس نظام کے دلال حکمرانوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھی محنت کش مہنگائی، بے روزگاری، طبقاتی نظام تعلیم،دہشت گردی اور عدم تحفظ کو شکار ہیں ۔اور ہر محکمہ کے اندر سے اس نظام اور اس کے دلالوں کے خلاف تحریکوں کی ابتداء ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ ان چھوٹی چھوٹی تحریکوں کے دریاؤں کو ایک ہمہ گیر تحریک کے سمندر میں اتار کر محنت کشوں کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکتا ہے اور یہی یوم مئی کا پیغام ہے۔

منگ سے کامریڈ فاروق کے مطابق پی ٹی یو ڈی سی، پی وائی او ، پی ایس ایف اور این ایس ایف کے زیر اہتمام یکم مئی کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جسکے بعد جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ سے پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈ فاروق، پی وائی او کے کامریڈ شیر باز، پیپلزپارٹی کے کامریڈ منصور، این ایس ایف کے کامریڈزمرد اور دیگر کامریڈز نے خطاب کیا۔

باغ سے کامریڈ ایاز کے مطابق پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپئن اور جے کے این ایس ایف نے ملازمین کے مشترکہ احتجاجی پروگرام میں شرکت کی، جسکے بعد طلبہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ طلبا کانفرنس سے پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈ ممتاز، این ایس ایف کے رہنما کامریڈ سفیر نے خطاب کیا۔