جوہی: ملکی و عالمی صورتحال پر لیکچر پروگرام کا انعقاد، پی ٹی یو ڈی سی کی نئی باڈی کا اعلان

رپورٹ: کامریڈ خادم کھوسو

جوہی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے نئی حکومت کے وعدوں اور دعووں کے تناظر اور نئے پاکستان کی نعرے بازی پر ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں صدام خاصخیلی نے عالمی و ملکی معیشت، سیاست، سفارت اور سرمایہ داری کے بحران کے ان تمام عوامل پر اثرات بیان کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیوں اِس نظام کے بحران کی اس کیفیت میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں حکمران طبقات کے پاس محنت کشوں پر مزید معاشی حملے اور ریاست کے فلاحی اخراجات میں کٹوتیاں کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔مزید برآں انہوں نے سرمایہ داری کے خلاف جدوجہد اور سوشلسٹ انقلاب کی ضرورت اور اہمیت بیان کی۔ پروگرام کے ابتدائی کلمات امین جمالی نے ادا کئے جبکہ چیئر انور سیال نے کیا۔ اعزازی مہمانوں میں وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جوہی نقاد تھہیم شامل تھے۔ شرکار کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ’PTUDC‘ کے صوبائی صدر کامریڈ انور پنہو ر نے تمام تر بحث کو سمیٹا۔

آخر میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین تحصیل جوہی کی نئی باڈی کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر انور سیال (حجام یونین)، سینئر نائب صدر امین جمالی، شبیر رستمانی نائب صدر، امین لغاری (پرائمری ٹیچرز ایسوسی ا یشن)، ڈپٹی جنرل سیکرٹری شبیر شیخ (خاکروب یونین)، آفس سیکرٹری احمد ڈاہری (درزی یونین)، خزانچی جمن ببر، پریس سیکرٹری حمید لغاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف کامریڈ انور پنہور نے لیا۔ نئے عہدیداروں نے حلف اٹھاتے ہوئے عزم کیا کہ وہ مرتے دم تک مزدور اور ہاری طبقے کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔