خیرپور میرس: یوم مئی کے موقع پر جلسۂ عام

| رپورٹ: مختار خمیسانی |

شکاگو کے شہدا کی یاد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے اشتراک سے خیرپور میرس میں ایک بڑا جلسہ کیا گیا جس کی صدارت PTUDC سندھ کے صدر انور پنہور نے کی جب کہ مہمان خاص واپڈا ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین سکھر ڈویژن کے صدر ولی محمد لغاری تھے اور امجد علی لاشاری (رہنما یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن) نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کیے۔
تقریب کی شروعات میں یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے رہنما شاہنواز ڈھوٹ نے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا جب کہ بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنما سعید خاصخیلی نے شکاگو کی انقلابی تحریک پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد علی اصغر سندھو (صدر ڈس ایبل مزدور ویلفیئر ایسوسی ایشن خیرپور میرس)، امان اللہ شیخ (مہران فرنیچر ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن خیرپور)، حمزہ علی جیلانی (مرکزی صدر یونائیٹڈ ورکرز یونین سندھ)، استاد شاہن سمنگ (کنسٹرکشن لیبر یونین خیرپور)، خادم حسین شیخ (ایریگیشن ایمپلائیز یونین خیرپورمیرس)، محمد بخش سیال (مرکزی صدرایگریکلچر ایکسٹینشن ورکرز یونین سندھ)، نجف جونیجو (گورنمنٹ پرنٹنگ پریس ورکرز یونین)، رضا محمد درانی (رہنما شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپورمیرس ایمپلائیز یونین) اور غلام شبیر سومرو نے خطاب کیا۔ مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ شہدا کی انقلابی جدوجہد کو ضرور منزل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے واپڈا، ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل مل، سوئی سدرن اور نادرن گیس، او جی ڈی سی ایل سمیت تمام اداروں کی نجکاری کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔

آخر میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے انور پنہور نے کہا کہ شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کے مقاصد ہم ہر صورت حاصل کریں گے۔ ان محنت کشوں کو شہید کرنے والے سامراجیوں اور سرمایہ داروں کا یہ سرمایہ دارانہ نظام اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔ پہلی بار دنیا بھر کے محنت کشوں کی بڑی تعداد سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے جو ایک اس ظالم سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ کر عالمی سوشلسٹ فیڈریشن کی بنیاد رکھیں گے۔ محنت کشوں کے پاس کھونے کو صرف زنجیریں ہیں اور پانے کو سارا جہاں ہے۔