| رپورٹ: رپورٹ پال جان |
کراچی میں بالشویک انقلاب کی 99ویں سالگرہ اور لینن کی کتاب ’’بائیں بازو کا کمیونزم، ایک طفلانہ بیماری‘‘ کی تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان اسٹیل، پیپلز ورکر یونین، وائس آف آفیسر ز ایسوسی ایشن، پورٹ قاسم، کے پی ٹی، پاکستان پوسٹ، اسٹیٹ بینک، حبیب بینک، پی سی ہوٹل ورکرز یونین، شومیکر ورکرز، گارمنٹس ورکرز، پاکستان ریلوے کے محنت کشوں اور کراچی یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، شہید اذولفقار علی بھٹولا کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF)، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (BSO) اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے کارکنان اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لیاری سے لا پتہ ترقی پسند سماجی کارکن واحد بلوچ کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کی صدارت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی رہنما کامریڈ نذر مینگل نے کی جبکہ مہمان خصوصی PTUDC کے انٹرنیشنل سیکرٹری کامریڈ لال خان تھے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ بابر پنہور نے ادا کئے۔

تقریب کے آغاز سے قبل عظیم انقلابی رہنما فیڈرل کاسترو کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کامریڈ نتھو نے انقلابی گیت سے پروگرام کا آغاز کیا ۔ اس تقریب سے کامریڈجنت حسین، کامریڈ انورپنہور، کامریڈ واحد بلوچ کی بیٹی ہانی بلوچ، کامریڈ ماجد میمن، کامریڈ ریاض حسین لُنڈ بلوچ، زیبسٹ یونیورسٹی کے ڈین آف سوشل سائنسزڈاکٹر ریاض احمد شیخ نے خطاب کیا ۔ جبکہ ڈاکٹر جعفراحمد، نجم الحسن عطا اور زاہدہ حنا نے شرکت نہ کرسکنے کی معذرت کی اور اپنے پیغامات ارسال کئے۔ اس موقع پر نامور ٹریڈ یونین رہنما لیاقت علی ساہی، حبیب الدین جنیدی، شیخ مجید، عاصم جان وردک، مرزا مقصود، شفع سیال، جنید اعوان عبید خان، سٹیل مل سے غیاث الدین پارس، سابق وفاقی وزیر محنت، یونائیٹڈ بینک یونین کے رہنما عزیز میمن، مرزا طاہر حسین جلیل شاہ موجود تھے۔ کامریڈ لال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانوں کیلئے صرف سوشلسٹ انقلاب ہی راہ نجات ہے اور یہاں پر اکثریت کو غریب بنائے بغیرکوئی شخص امیر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کامریڈ واحد بلوچ کو لا پتہ کرنے کی شدید مذمت کی اور ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں کو مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلایا۔ واحد بلوچ کی صاحبزادی ہانی بلوچ نے کہا کہ میرے والد نے کوئی غلط کام کیا ہے تو ان کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، 4 ماہ سے لا پتہ ہونے کی وجہ سے ہم سخت اذیت کا شکار ہیں۔ کامریڈ نذر مینگل نے صدارتی خطاب میں حکمرانوں کی پالیسوں اور سرمایہ داری کی وحشت کو بے نقاب کیا اور محنت کشوں کو پیغام دیا کہ آج بھی ہمارے پاس سوشلسٹ انقلاب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں اور ہم اس کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔














