| رپورٹ : فیضان عزیز |
مورخہ 28 فروری 2014ء کو ہجیرہ پوسٹ گریجویٹ کالج گراونڈ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے JKNSF کے مرکزی چیف آرگنائزر تنویر انور، ضلعی چیئرمین التمش تصدق، مرکزی ایڈیٹر عزم دانیال عارف، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری وقار خان، ضلعی سیکرٹری جنرل سہیل اسماعیل، ضلعی آرگنائزر عاصم ارشاد، ضلعی سیکرٹری اطلاعات سبحان عبدالمالک، نو منتخب صدر کالج یونٹ فیصل کیانی، فیضان عزیز اور دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوے مقرین نے کہا کہ آج زلزلہ کو دس سال گزر چکے ہیں اور لاکھوں کا فنڈ حکمرانوں نے عیاشیوں میں اڑا دیا ہے لیکن تعلیمی اداروں کی عمارات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ لیبارٹری اور لائبریری نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ طلبہ کو دقیانوسی تعلیم دی جا رہی ہے اور انہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پسماندہ رکھا جا رہا ہے۔ اس تمام کیفیت کے خلاف آواز اٹھا نا ایک جرم بن چکا ہے اور طلبہ یونین جیسا ادارہ، جسکے ذریعے طلبہ اپنے حقوق کی جدوجہد کرتے تھے، پر پابندی لگا کر نوجوان نسل کو سیاست سے دور رکھا جا رہا ہے۔ آئے روز فیسوں میں اضافے اور چھوٹے چھوٹے دکان نما سکولوں نے تعلیم کو ایک منافع بخش کاروبار بنا دیا ہے۔ بنیادی ضروریات زندگی ایک مراعت یافتہ طبقے تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔
اعلیٰ تعلیم کا حصول غریبوں کے لئے محض خواب بن کر ہی رہ گیا ہے۔ ان حالات میں طلبہ سیاست پر پابندی عائد کر کے حکمران سمجھتے ہیں کہ نوجوان اپنے حقوق کی جدوجہد کرنا چھوڑ دیں گے لیکن JKNSF دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیموں کے ساتھ مل کر طلبہ حقوق کی لڑائی جاری رکھے گی اور سوشلسٹ انقلاب کی حتمی منزل کے لئے نوجوان نسل کی نظریاتی تربیت کی جاتی رہے گی۔ قبل ازیں JKNSF پوسٹ گریجویٹ کالج ہجیرہ کی تنظیم سازی کی گئی جس کے مطابق فیصل کیانی صدر، اسد سعید نائب صدر، فیضان عزیز جنرل سیکرٹری، سعد شیراز آرگنائزر، عبدالقادر ڈپٹی آرگنائزر، فیصل خان چیئرمین سٹڈی سرکل، عمران انچارج عزم اورقاسم احمد سیکرٹری نشرواشاعت منتخب ہوئے۔