مظفر آباد: پشتون تحفظ تحریک کی حمایت میں ریلی اور ’طبقاتی یکجہتی کنونشن‘ کا انعقاد

رپورٹ: JKNSF مظفرآباد

مورخہ 21 اپریل 2018ء مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام طبقاتی یکجہتی ضلعی کنونشن مظفرآباد بعنوان ’’برصغیر میں محروم قومیتوں کا مستقبل‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ قبل ازیں پی ٹی ایم کے مطالبات کی حمایت اور لائن آف کنٹرول پرکشمیریوں کے ہونے والے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد ہوا۔ ریلی کا آغاز دن گیارہ بجے اپر اڈہ سے کیا گیا۔ ریلی میں شریک نوجوانوں کی بڑی تعداد اپر اڈہ سے جامعہ کشمیر سٹی کیمپس گیٹ تک چکر لگانے کے بعد واپس اپر اڈہ جلسہ گاہ پہنچی۔ ریلی اور جلسہ میں جے کے این ایس ایف کی مرکزی قیادت کے علاوہ پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن جامعہ کشمیر مظفرآباد، گلگت بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن جامعہ کشمیر اور دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیموں کے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ طبقاتی یکجہتی کنونشن میں شرکا سے مرکزی صد ر جے کے این ایس ا یف ابرار لطیف، مرکزی جنرل سیکرٹری یاسر حنیف، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، مرکزی آرگنائزر تیمور سیلم، نو منتخب ضلعی صدر مظفرآباد فیصل راٹھور، گلگت بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن جامعہ کشمیر کے صدرشجاعت بلتی، پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن جامعہ کشمیر کے صدرخالد خان، معظم سواتی، جے کے این ایس ایف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری باسط ارشاد، تنویر انور، صدر راولپنڈی برانچ نعیم آزاد، مرکزی ایڈیٹر عزم التمش تصدق اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سرمایہ داری کی عالمی زوال پذیری کے عہد میں قومی مسئلہ بہت زیادہ پیچیدہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس وقت برصغیر میں 25 سے زائد ریاستوں میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور ایسے میں جے کے این ایس ایف یہ سمجھتی ہے کہ کشمیر سمیت تمام محکوم قومیتوں کی آزادی کا حصول صرف طبقاتی بنیادوں پر ہی ممکن ہے کیونکہ غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور تعلیم و علاج سے محرومی جیسے مسائل سے برصغیر کے تمام محنت کش اور نوجوان دو چار ہیں اور اگر تما م قومیتوں کے محنت کشوں کے مسائل ایک جیسے ہیں تو ان کا حل بھی ایک ہے جو آج کے عہد میں صرف اور صرف طبقاتی بنیادوں پر ہی ممکن ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے کے این ایس ایف ’پختون تحفظ موومنٹ‘ کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور ان کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ چل رہی ہے اور این ایس ایف یہ سمجھتی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جو قتل عام ہو رہا ہے اس سے دونوں اطراف کے ریاستی آقا اور حکمران اپنا اپنا منافع کما رہے ہیں اور اس قتل عام سے چھٹکارہ کشمیر کے نوجوان اور محنت کش صرف اسی صورت حاصل کر سکتے ہیں جب وہ ہندوستان اور پاکستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں سے طبقاتی جڑت بنا کر خطے کی سرمایہ دار اشرافیہ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مرکزی نائب صدر مروت راٹھور نے سر انجام دئیے اور کامریڈ حسنین کے انقلابی ترانہ پیش کیا۔
تیمور سیلم نے نو منتخب ضلعی کابینہ سے حلف لیا جس میں ضلعی صدر مظفرآباد فیصل راٹھور، سینئر نائب صدر دلاور راٹھور، نائب صدر نوید مغل، راجہ رخسار جنرل سیکرٹری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عاصم مغل، آرگنائزر عادل خان، ڈپٹی آرگنائزر مفید عباسی، فنانس سیکرٹری حافظ میر، میڈیا سیکرٹری اسد غوری، سیکرٹری سٹڈی سرکل وجیہہ چوہدری شامل تھے۔