[رپورٹ:JKNSF مظفرآباد]
11 فروری کو مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے موقع پر مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF)اور پروگریسو یوتھ الائنس کی جانب سے غربت مہنگائی، بیروزگاری، طلباء مسائل، تحفظ پاکستان آرڈیننس کے کالے قانون، لوڈ شیڈنگ اور نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز صبح11بجے یونیورسٹی گراؤنڈ سے کیا گیا جس میں سینکڑوں نوجوانوں اور طلباء نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت JKNSF کے مرکزی صدر کامریڈ راشد کر رہے تھے۔ ریلی یونیورسٹی روڈ، سی ایم ایچ چوک، نیلم پل، گیلانی چوک سے ہوتی ہوئی سنٹرل پریس کلب پہنچی۔ نوجوانوں کے انقلابی نعروں سے شہر گونج اٹھا۔ ریلی پریس کلب پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے JKNSF کے مرکزی صدر راشد شیخ، ضلعی صدر جمیل خواجہ، ڈگری کالج کے صدر دلاور راٹھور، جامعہ کشمیر کے جنرل سیکرٹری وقاص ہمدانی، سٹی صدر صدام حسین شاہ، جامعہ کے آرگنائزر دانش عباسی، جواد احمد، حبیب خان اور مرکزی سیکرٹری فنانس عصمت اللہ نے کہا کہ مقبول بٹ شہید نے کشمیر کی مکمل آزادی اور غیر طبقاتی سماج کے قیام کیلئے قربانی دی۔ حکمران طبقات یہ سمجھتے تھے کہ مقبول بٹ کا خاتمہ کرکے جبر کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کا خاتمہ کردینگے لیکن آج این ایس ایف کے ہزاروں کارکن جبر اور فرسودگی کے خلاف مقبول بٹ کی جلائی ہوئی شمع کو روشن کئے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے چکوٹھی نے حکمرانوں کی بنائی نام نہاد ایل او سی کی لکیر کو اپنے پاؤں تلے روند کر یہ ثابت کیا تھا کہ ہم کسی تقسیم کو نہیں مانتے اور ہر تقسیم کا خاتمہ کر کے ایک خوشحا ل کشمیر تعمیر کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایس ایف دنیا بھر میں موجود انقلابی تحریکوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے اور پاکستان میں قومی اداروں کی نجکاری کے منصوبے کو رد کرتی ہے۔ حکمران طبقات سرمایہ داری نظام کی دلالی اور آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کے کمیشن ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف محنت کش طبقہ اور نوجوان غربت اور بیروزگاری کی دلدل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آخر میں مرکزی صدر نے پاکستان میں منظور ہونے والے تحفظ پاکستان آرڈی ننس کو رد کیا اور کہا کہ یہ محنت کشوں اور نوجوانوں کے خلاف گھناؤنی سازش ہے جس مقصد کہ کسی بھی انقلابی تحریک کو کچلنے کی پیشگی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کشمیر کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ اس دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ مروت راٹھور نے ادا کئے۔