حیدرآباد: کامریڈ جام ساقی کی وفات پر تعزیتی ریفرنس

رپورٹ: انیل سہجانی

کامریڈ جام ساقی کی وفات پر ان کی انتھک انقلابی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز کی جانب سے مورخہ 23 مارچ 2018ء کو نبی بخش بلوچ آڈیٹوریم سندھی لینگویج اتھارٹی حیدرآباد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے بیشتر شہروں سے سیاسی و سماجی کارکنان، محنت کشوں، طلبہ ، صحافیوں، ٹریڈ یونین رہنماؤں و خواتین سمیت کامریڈ جام ساقی کے رشتہ داروں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ نتھو مل نے سرانجام دیئے۔

تعزیتی ریفرنس کا آغاز کامریڈ جام ساقی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا جس کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ’PTUDC‘ کے انٹر نیشنل سیکرٹری اور ایشین مارکسسٹ رویو کے ایڈیٹر کامریڈ لال خان، جام ساقی کے فرزند سارنگ جام، پشتونخواہ سے پشتون تحفظ تحریک کے رہنما علی وزیر، پیپلز لائز فارم کے مرکزی رہنما ایڈووکیٹ الیاس خان، جنوبی پنجاب پیپلز لیبر بیورو کے صدر ایڈووکیٹ رؤف خان لُنڈ، خیبر پختونخواہ سے کامریڈ غفران احد، بلوچستان سے ’PTUDC‘ کے مرکزی صدر نذر مینگل، ’PTUDC‘ سندھ کے صدر انور پنہور، انقلابی طلبہ محاذ سے کامریڈ لتا، وہاب پندرانی، کالم نگار ڈاکٹر حمید سومرو، سماجی کارکن پنہل ساریو اور ڈاکٹر نذیر شیخ و دیگر نے کامریڈ جام ساقی کی جدوجہد پر تفصیل سے بات کی اور سوشلسٹ انقلاب کے لئے وقف ان کی زندگی کو سرخ سلام پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جام ساقی نے اپنی پوری زندگی محنت کش طبقے کی آزادی اور نجات کے لئے وقف کی۔ وہ اپنی آخری سانس تک ایک انٹرنیشنلسٹ رہے اوردنیا بھر کے انقلابیوں کے ہمراہ سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی بیشتر زندگی صعوبتوں میں گزاری اور آج ان کے مخالفین بھی اس بات سے انکار نہیں کرسکتے کہ آخری دم تک اُن کا یقین انسانیت کے کمیونسٹ مستقبل پر پختہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جام ساقی ہم سے جسمانی طور پر جدا ہوئے ہیں لیکن ان کے نظریات اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ آج ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ آخر میں انقلابی نعروں کیساتھ محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر کامریڈ جام ساقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریفرنس کا اختتام کیا گیا۔