[رپورٹ: PTUDC اسلام آباد]
مورخہ 15 مارچ بروز ہفتہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) مزدور رابطہ کمیٹی کے پلیٹ فارم سے لاہور میں نرسنگ سٹاف پر وحشیانہ تشدد اور ریاستی غنڈہ گردی کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ظہور اعوان، پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اکرم بُندہ، انقلاب یونین PWD کے صدر اسلام الدین، ریلوے وورکرز یونین کے طارق محمود، ریلوے لیبر یونین کے سیکرٹری جنرل راجہ عمران، ایپکا کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد صدیق، بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے آصف رشید، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن (JKNSF) کے مرکزی صدر راشد شیخ، میونسپل لیبر یونین TMA روالپنڈی کے صدر راجہ مجید، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے راہنما صہیب حنیف، ریلوے محنت کش یونین کے جنرل سیکر ٹری عبدالروف، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کے وائس چئیر مین ڈاکٹر چنگیز اور یونائیٹیڈ ایکشن کمیٹی (پمز) کے عہدیداران نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت اپنا اصل چہرہ بے نقاب کرتی جارہی ہے۔ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنے والی نرسز پر ریاست نے IMF کے حکم پر تشدد کیا ہے۔ پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے وائس چئیر مین ڈاکٹر چنگیزنے اس موقع پر کہا PTUDC نوجوان نرسز کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتی ہے اور اس جدوجہد میں ہر قدم پر پورے ملک کے محنت کش نرسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔