دادو: مشال خان کے یومِ شہادت پر تقریب کا انعقاد

رپورٹ: انقلابی طلبہ محاذ (RSF) دادو

13 اپریل کو پورے ملک کی طرح دادو میں بھی مشال خان شہید کی پہلی برسی پر بیروزگار نوجوان تحریک اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے زیر اہتمام ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا نے اس موقع پر مشال خان کی جدوجہد کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ سجاد جمالی نے سرانجام دیئے جب کہ بحث کا آغاز کرتے ہوئے کامریڈ صدام نے کہا کہ مشال خان کی جدوجہد اس نظام اور اس کی بدعنوانی کے خلاف تھی جس کی پاداش میں یونیورسٹی انتظامیہ اور مذہبی جنونیوں نے اسے شہید کر دیا۔ مگر پھر عدالتوں سے بھی اسے انصاف نہ مل سکا۔ مشال کے کمرے میں کارل مارکس اور چے گویرا کی آویزاں تصاویر یہ ثابت کرتی ہیں کہ وہ دنیا کے سوشلسٹ مستقبل پر یقین رکھتے تھے۔ چنانچہ انہیں انصاف بھی ایک سوشلسٹ انقلاب ہی دلا سکتا ہے۔ تقریب سے کامریڈ اعجاز بگھیو اور حفیظ نے بھی خطاب کیا۔ کامریڈ انور پنہور (صوبائی صدر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین) نے بحث کو سمیٹا اور مشال خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں انٹرنیشنل ترانہ گا کر پروگرام کا اختتام کیا گیا۔