رحیم یارخاں: بالشویک انقلاب کی 98ویں سالگرہ پر سیمینار

| رپورٹ: رئیس کجل |

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)کے زیر اہتمام پریس کلب رحیم یارخاں میں بالشویک انقلاب کی 98ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ صدارت PTUDC جنوب ایشیا کے سیکرٹری آدم پال نے کی۔تقریب میں کوکا کولا رحیم یارخاں، یونی لیور، ایپکا، درجہ چہارم ملازمین، ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن، پاکستان پیپلز پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، روٹری کلب، پروگریسو یوتھ الائنس، کلینک لیب ورکرز یونین، بزم فرید سمیت متعدد مزدور تنظیموں نے شرکت کی۔
RYK Bolshevik day 2015تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آدم پال، قمرالزماں خاں، سید زمان، حیدر چغتائی، اے جے شہزاد، محبوب خاں، مومن زار، خلیل بخاری، ممتازبیگ، ارشد بٹ، حنا مسعود، اسلم بھٹی، احسن کھوکھر، رب نوازسومرو، ندیم ملک، ڈاکٹر امجد عزیزنے کہا کہ 7 اکتوبر 1917ء کو پہلی دفعہ مزدوروں نے اقتدار پر قبضہ کرکے مزدورریاست کے قیام سے ثابت کردیا کہ سوشلزم کے نظریات عملی طور پر نافذ کئے جاسکتے ہیں اور سرمایہ داری کے برعکس منصوبہ بند معیشت کے ذریعے ہر فرد کو روزگار، گھر، تعلیم، صحت، سفری سہولیات اور اعلیٰ زندگی فراہم کی جاسکتی ہے۔اس نظام میں محنت سب کرتے ہیں مگر ثمر اقلیتی سرمایہ دار طبقے کو ہی ملتا ہے اور 99 فی صد محنت کرنے والے ان چیزوں سے بھی محروم رہتے ہیں جنہیں وہ پیدا کرتے ہیں، سرمایہ دارانہ نظام نے انسانوں کی غالب اکثریت کو محروم، مغلوب رکھا ہوا ہے، اشتراکی نظام کے ذریعے پسماندہ روس کو سپر پاوربنانے والی منصوبہ بند معیشت کے ذریعے انسانی تاریخ کی بلند ترین شرح نمو حاصل کی گئی، آج سرمایہ داری کا معاشی بحران پورے سماج کو برباد کر رہا ہے، ایسے میں بالشویک انقلاب کی روایات دہرانے کی ضرورت ہے اور سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے انسانیت کو استحصال اور ذلت سے پاک سماج کی طرف گامزن کرنا ہی تاریخ کا سب سے اہم فریضہ ہے۔