راولاکوٹ: غیر جریدہ ملازمین اور ایپکا کا مطالبات کی منظوری کے لئے مظاہرہ

| رپورٹ: کاشف عباس |

مورخہ 04 مئی سے ایپکا اور غیر جریدہ ملازمین آزادکشمیر نے مطالبات کی منظوری کے لئے ہڑتال کا آغاز کیا۔ قبل ازیں ملازمین کی طرف سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیاجس کے مطابق پنجاب طرز کی اپ گریڈیشن (جونیئر کلرک، سینئر کلرک، ہیڈ کلرک، اسسٹنٹ شماریات، اکاؤنٹنٹ، سینئر اکاونٹس کلرک)، امور حیوانات کے فیلڈسٹاف کی اپ گریڈیشن، سکیل 5 تا 16 کا بلا تخصیص ٹائم سکیل، قرضہ جات ایچ بی اے، کار، سکوٹرایڈوانس کی بحالی اور جی پی ایف پر منافع شامل ہے۔ اس سلسلے میں کشمیر کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور کام چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ راولاکوٹ میں مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ہمارے مطالبات کو جائز تسلیم کرنے کے باوجود بھی تاحال کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کے بعد ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوئے۔ حکمرانوں کو اپنی کرسی اور اپنے مفادات سے غرض ہے۔ غریب محنت کش جو دن بھر محنت کرکے مختلف امور سر انجام دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ان کے جائز مطالبات پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔ قبل از ہڑتال ہم نے مذاکرات سے لیکر ڈیڈ لائن تک ہر ایک طریقہ اپنایا لیکن حکمران اپنی حکمرانی کے نشے میں اتنے دھت ہیں کہ ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی جس کے بعد ہم نے اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کی۔ مظاہرہ سے سردار امتیاز خان صدر ایپکاآزاد کشمیر، محکمہ خوراک سے سردار افتخار خان، آفتاب تبسم صدر جوڈیشل ایمپلائرزاور دیگر نے خطاب کیا۔