فتح جنگ: علی وزیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کا انعقاد

رپورٹ: خالد خان

16 جولائی بروز اتوار شام 6 بجے فتح جنگ میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC ) اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF ) کے زیر اہتمام حلقہ NA-50 جنوبی وزیرستان سے الیکشن لڑنے والے عوامی رہنما علی وزیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی وزیر وہ واحد امیدوار ہے جسکی انتخابی مہم انقلابی نوجوان اور ترقی پسند سیاسی کارکنان پورے پاکستان میں چلا رہے ہیں اور اُس کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔ علی وزیر محنت کش طبقے اور نوجوانوں کا وہ نمائندہ ہے جس نے مشکل ترین حالات میں انقلابی عَلم کو نہ صرف بلند رکھا بلکہ ہر ظلم اور بربریت کے خلاف ناقابل مصالحت جدو جہد جاری رکھی۔ پورے پاکستان اور دنیا بھر کے انقلابیوں کا علی وزیر سے جو رشتہ ہے وہ درد، دکھوں اور مسائل کے خلاف انقلابی جدوجہد کا رشتہ ہے۔ علی وزیر اگر الیکشن جیت کر اسمبلی میں جاتا ہے تو یہ پاکستان کے تمام مظلوموں کی جیت ہو گی۔ الیکشن 2018ء میں کسی بھی مروجہ سیاسی جماعت کے پاس محنت کش عوام کے مسائل کے حل کا کوئی ٹھوس پروگرام نہیں ہے۔ یہ الیکشن ایک کاروبار ہے جس میں امیدوار کروڑوں روپے خرچ کر کے ٹکٹ خریدتے ہیں اور پھر اربوں روپے کمانے کے لیے محنت کشوں پر ظلم اور جبر کرتے ہیں۔ سرمایادارانہ نظام کے یہ رکھوالے کبھی بھی محنت کشوں کے ہمدرد اور خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ آخر میں علی وزیر کی انتخابی مہم کے لیے فنانس اپیل بھی کی گئی جس میں لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ ڈالا۔ مقررین میں آصف رشید، خالد خان، عبدالخالق، مختار خان اور ولی گل شامل تھے۔ تمام شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم علی وزیر کی انتخابی مہم کو 25 جولائی تک جاری رکھیں گے۔