[رپورٹ :کامریڈ جنید جٹ]
موجودہ سیاسی اور سماجی صورت حال کے تناظر میں نوجوانوں میں مارکسی نظریات کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے راجن پور شہر میں ’’پاکستان کی موجودہ صورتحال اور نوجوانوں کا کردار‘‘ کے عنوان کے تحت یوتھ ایگریگیٹ کا انعقاد کیا گیاجس میں شہر بھر سے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبا کے ساتھ ساتھ نجی اور سرکاری اداروں کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شر کت کی۔ ایگریگیٹ میں ہونے والی تمام تر گفتگو میں تمام حاضرین خاص کر نوجوانوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ صدارت کے فرائض کامریڈ عاطف جاوید نے ادا کئے۔ سیشن میں کامریڈ عمران پتافی،کامریڈ شہریار ذوق،کامریڈ جنید جٹ، کامریڈ عقیل اور کامریڈ عامر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کامریڈز نے انقلابی ترانے بھی گائے جس سے محفل کا ماحول اور بھی پرجوش ہو گیا۔ آخر میں کامریڈ رؤف لنڈ نے تمام تر گفتگو کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ موجودہ عہد میں سرمایہ دارانہ نظام عالمی سطح پر متروک ہو چکا ہے، پاکستان جیسے ممالک میں اس نظام سے کسی بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی، سرمایہ دارانہ نظام میں الیکشن اور جمہوریت دراصل حکمران طبقے کی آمریت کو طول دینے کے اوزار ہیں، ان حالات میں نوجوانوں کا یہ فریضہ بنتا ہے کہ وہ انقلابی سوشلزم کے نظریات سے اپنے آپ کو مسلح کرتے ہوئے اس گلے سڑے سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ دیں اور محنت کشوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ایک سوشلسٹ انقلاب برپا کرتے ہوئے اس خطے سے بھوک، محرومی، غربت ، بیروزگاری اور بیگانگی کا خاتمہ کریں۔
یوتھ ایگریگیٹ میںآئے ہوئے بہت سے نوجوانوں نے بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) اور پراگریسو یوتھ الائنس (PYA) میں شمولیت اختیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی اور سوشلسٹ انقلابی کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنے کا عظم کیا۔