فیصل آباد: ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج

[رپورٹ: PTUDC فیصل آباد]
30 دسمبر کو فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں کے ایمرجنسی میں دوائیوں کی عدم دستیابی ، ایک سال گزر جانے کے باوجود سروس سٹرکچر کے عدم نفاذ، MOs کو پوسٹ گریجوایٹ ٹرینگ سے دور رکھنے اور پرائیویٹ میڈیکل کالج کے گریجوایٹس کو تنخواہ کے بغیر بھی ہاؤس جاب کی اجازت نہ دینے خلاف احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ الائیڈ ہسپتال میں ڈاکٹرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے YDA فیصل آبادکے صدر ڈاکٹر معروف وینس نے کہا کہ ڈاکٹرز کا پنجاب حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اکٹھا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈاکٹرز کے جذبے ماند نہیں پڑے۔ سروس سٹرکچر کے حصول کی جدوجہد میں ہم نے بہت قربانیاں دیں۔ ہم نے پنجاب حکومت کی جانب سے ہر وار کا مقابلہ کیا اور یہ ثابت کیا کہ اپنے حقوق کے لئے لڑائی کس طرح لڑی جاتی ہے لیکن پنجاب حکومت کے منافقانہ کردار کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک سال گزر جانے کے باوجود سروس سٹرکچر پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات فراہم نہیں کی جا رہی۔ ایمرجنسی وارڈز میں انسانی جان بچانے والی ادویات میسر نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت مفت علاج کے دعوے کرتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ معمولی ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے والے ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایٹ ٹرینگ سے روک دیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ پرائیویٹ میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کو تنخواہ کے بغیر بھی سرکاری ہسپتالوں میں ہاؤس جاب کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ان حقوق کے حصول کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے سینئر ڈاکٹر طفیل نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کا ہر ایک مطالبہ جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ خلافی کرتے ہوئے انسان شرمندگی محسوس کرتا ہے لیکن شریف برادران بے حس ہو چکے ہیں۔ الیکشن سے پہلے کئے گئے کشکول توڑنے کے دعووں کی حقیقت آج عوام کے سامنے ہے، عوام کی فلاح شریف برادران کی ترجیحات میں نہیں ہیں۔ YDA فیصل آباد کے نائب صدر ڈاکٹر کاشان اور ڈاکٹر ثقلین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوس سٹرکچر کے 40 مطالبات میں سے صرف چار مطالبات پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کا حصول ڈاکٹرز کا حق ہے لیکن شہباز شریف ڈاکٹرز کو انتقام کی آگ میں اس حق سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔ پرائیوٹ میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس بغیر معاوضے کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن حکمران انھیں اس سے دور رکھ رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات میسر نہیں ہیں۔ ہم اپنے حقوق کے حصول تک یہ لڑائی جاری رکھیں گے۔ الائیڈ ہسپتال سے پنجاب میڈیکل کالج تک ریلی نکالی گئی۔