[رپورٹ: PTUDC، فیصل آباد]
9اگست کو فیصل آباد الائیڈ ہسپتال کے ڈاکٹرز نے سروس سٹرکچر سمیت صحت کے شعبے سے متعلق عوام کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی میں YDAکی قیادت سمیت FIC,DHQ اور الائیڈ ہسپتال سے ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ PMA سے تعلق رکھنے والے سینئر ڈاکٹر ز اور فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار کورٹ کے سابق صدر سلیم چٹھہ ایڈوکیٹ نے بھی ریلی میں حصہ لیا۔ الائیڈ ہسپتال کے احاطے میںآویزاں بینرز پر ڈاکٹرز اور محنت کش عوام کے ساتھ، صحت کے شعبے میں پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے مظالم کو اجاگر کیا گیا تھا۔ ریلی کے آغاز پر ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے YDA فیصل آباد کے صدر ڈاکٹر معروف وینس نے کہا کہ ڈاکٹرز نے اس گرمی میں نکل کر یہ ثابت کیا ہے کی ڈاکٹرز جھکنے والے نہیں ہیں اور میں ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کی پنجاب حکومت نے ہر حربہ اپنا کر دیکھ لیا ہے لیکن وہ ڈاکٹرز کو اپنے مقصد سے ہٹانے میں ناکام رہی ہے۔ ڈاکٹرز نے جیلیں کاٹی ہیں، وحشیانہ تشدد برداشت کیا ہے اور ہم ابھی بھی ظالم اعلیٰ کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ڈاکٹر معروف نے صحت کے شعبے میں وزیر اعلیٰ کی مجرمانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صحت کے شعبے میں مختص کی گئی فی کس رقم 175روپے بنتی ہے انھوں نے وزیر اعلیٰ سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ایک سال تک کس طرح سے ایک مریض کا علاج ان پیسوں میں کیا جا سکتا ہے ان پیسوں میں ایک اینٹی بائیو ٹیک کا ٹیکہ بھی نہیں آتا۔ ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر تین تین مریض پڑے ہوئے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ الائیڈ ہسپتال میں ایک ہی سی ٹی سکین مشین ہے جو کہ خراب پڑی ہوئی ہے اور اس مشین سے ٹیسٹ کروانے کے لئے دور دور سے مریض یہا ں آتے ہیں۔ الائیڈ ہسپتال کے آئی سی یو میں صرف 8بیڈ ہیں اور لاکھوں کی آبادی والے شہر کے مریضوں کے لئے صرف 2600بیڈز موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ظالم اعلیٰ نے لیپ ٹاپ سکیم پر اربوں روپے بہا دیئے ہیں اور اسی طرح سستی روٹی اور دانش سکول جیسے بے سود سکیموں میں اربوں روپے جھونک دیئے ہیں لیکن صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات کی منظوری تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ اس کے بعد فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار سے ایڈوکیٹ سلیم چٹھہ نے ڈاکٹرز کے تما م مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے کو برباد کر کے رکھ دیا ہے انہوں نے وکلاء کی جانب سے ڈاکٹرز کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
الائیڈ ہسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ سے ریلی کا آغاز ہوا اور ڈاکٹرز پنجاب حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑک پر آ گئے۔ پنجاب میڈیکل کالج کے احاطے میں ریلی کے اختتام سے پہلے PTUDC کے کامریڈ ارتقا نے ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی جدوجہد پورے پاکستان کے محنت کشوں کے لئے ایک مثال ہے۔ انھوں نے صحت کے شعبے کی حالت زار پر ڈاکٹرز کی توجہ اور اس کی بہتری کے لئے جدوجہد کو سراہا اور دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں کے ساتھ کی یقین دہانی کرائی۔