نوجوان ڈاکٹرز کی لاہور میں پریس کانفرنس

تمام افراد کو مکمل اور مفت علاج کی فراہمی یقینی بنائے جائے

[رپورٹ: PTUDC لاہور]
17جنوری کوینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر ڈاکٹر جاوید ملک اور سابق مرکزی صدر ڈاکٹر حامد بٹ نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری لڑائی تمام تر افراد تک علاج کی مفت رسائی کی لڑائی ہے۔ یہاں ہسپتالوں میں مریض ادویات نہ ہونے کی وجہ سے تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں اور قصور وار ڈاکٹرز کو گردانا جاتا ہے جبکہ ہسپتالوں میں دم توڑ جانے والے 90 فیصد مریضوں کی موت کی ذمہ دار موجودہ حکومت اور یہ ریاست ہے جو گورنمنٹ سیکٹر میں صحت کے شعبے کو برباد کرتی جا رہی ہے اور لگاتار کوشش کی جا رہی ہے صحت کے شعبے کو پرائیویٹائز کیا جائے۔ اس موقع پر YDA پنجاب کی لیڈر شپ کے ساتھ PTCL کے رہنما صابر بٹ، PTUDC کے رہنما راشد خالداور فرہاد کیانی بھی شامل تھے جبکہ YDAبنجاب کے سابق انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر آفتاب اشرف بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی لڑائی کو محنت کشوں کی تمام تر پرتوں تک لے کر جاتے ہوئے اس کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر سال پانچ لاکھ خواتین زچگی کے دوران مناسب علاج اور غذائی قلت کی وجہ سے مر جاتی ہیں، ہر سال تقریباََ اتنے ہی بچے مناسب خوراک نہ ملنے سے مر جاتے ہیں۔ پاکستان میں بچوں کی نصف تعداد اپنے ساتھ کوئی جسمانی یا ذہنی کمی لے کر پیدا ہوتی ہے اور ایک بڑی اکثریت سائنسی علاج کروانے سے ہی محروم ہے۔ ان تمام تر وجوہات کی ذمہ دار حکومت ہے نہ کہ ڈاکٹرز جو ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہسپتالوں سے دوائیں تک غائب کی جا رہی ہیں اور انتہائی عام، ضروری اور سستے ٹیسٹ کی سہولت بھی گورنمنٹ ہسپتالوں میں موجود نہیں ہے۔ ہماری لڑائی غریب انسانوں تک علاج کی سہولیات کی فراہمی تک جاری رہے گی۔